اندرونی، بیرونی چیلنجز سمیت ہائبرڈ جنگ، انتشار پھیلانے والے عناصر پر مکمل نظر: فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
راولپنڈی؍ کراچی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی+سٹاف رپورٹر) آرمی چیف ‘چیف آف ڈیفنس فورسز‘ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہائبرڈ جنگ، انتہا پسند نظریات اور انتشار پھیلانے والے عناصر پر مکمل نظر ہے، جدید جنگی ماحول میں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی بے حد اہم ہے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے گیریژنز کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لئے جاری کلیدی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فیلڈ ٹریننگ ایکسر سائز اور ایڈوانس سیمولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا اور فارمیشن کے پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کو سراہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ جدید جنگی ماحول میں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی بے حد اہم ہے۔ آج کی جنگ میں تیزی، درستگی، حالات کا بروقت ادراک اور فوری فیصلے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز نے ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کیلئے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سخت، منظم اور مشن پر مبنی تربیت ہی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کی ضامن ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاک فوج کی اندرونی و بیرونی چیلنجز، انتہاپسندانہ نظریات اور قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والی تقسیم پسند قوتوں پر مکمل نظر ہے، انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ہائبرڈ مہمات، انتہا پسند نظریات اور ایسے عناصر جو قومی استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان سب کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل گوجرانوالہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر گوجرانوالہ نے کیا۔ یہ دورہ مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ معیار اور قومی دفاع کے حوالے سے جاری کوششوں کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء تکنیکی موافقت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید جنگی سرگرمی دانشمندی، صورتحال سے متعلق درست آگاہی اور تیز رفتار فیصلہ سازی کا تقاضہ کرتی ہے۔ افسروں اور فوجی جوانوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی سلامتی کے لئے اعلیٰ حوصلے اور ثابت قدمی کی تعریف کی اور کٹھن اور بامقصد مشن پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان آرمی اندرونی، بیرونی چیلنجوں، بشمول اشتعال انگیز ہائبرڈ مہمات، شدت پسندانہ نظریات اور قومی استحکام میں تفرقہ پیدا کرنے والے عناصر پر پوری طرح توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ دریں اثناء 35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوئی۔ اختتامی تقریب میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر،کور کمانڈر کراچی بھی موجود تھے۔ تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ و طالبات سمیت گیمز میں شریک 24 دستوں کے کھلاڑی اور آفیشلز تقریب میں شریک ہوئے۔ پاکستان نیوی کے بینڈ نے قومی دھنوں پر نغمہ سرائی کی۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد بخش خان مہر نے استقبالی کلمات ادا کئے۔ بلاول بھٹو نے چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل گیمز میں اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرنے والی پاکستان آرمی کو قائد اعظم ٹرافی پیش کی۔ دوسری پوزیشن پر واجد علی ٹرافی واپڈا نے بلاول بھٹو زرداری سے وصول کی۔ پاکستان نیوی نے تیسری پوزیشن کے ساتھ صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ٹرافی وصول کی۔ اگلے میزبان پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر نے پرچم دیا۔ مہمان خصوصی عاصم منیر نے 35 ویں نیشنل گیمز کے اختتام کا اعلان کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں 35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ گیمز کے انعقاد پر خوشی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے۔ مئی 2025ء میں پاکستان نے معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی۔ معرکہ حق کے دوران اتحاد کی مثال قائم ہوئی۔ قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی تھی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان اپنی خود مختاری کی حفاظت کرنے میں کامیاب رہا۔ نیشنل گیمز کے دوران کھلاڑیوں نے ثابت کیا وہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔ بلاول نے فیلڈ مارشل کو اعزازی شیلڈ کا تحفہ بھی دیا۔ 35ویں نیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام ہو گیا، جس میں فیلڈ مارشل نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ 50 میٹر فری سٹائل اور بریسٹ سٹروک تیراکی میں قومی ریکارڈ پر حمزہ آصف کو ٹرافی دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی ٹیموں کو انعامات سے نوازا، آرمی کی ٹیم نے 348 میڈل حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی 196گولڈ، 96 سلور اور 56 برانز میڈل حاصل کیے۔ واپڈا مجموعی طور 229 میڈل حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی، واپڈا نے 84گولڈ، 71سلور اور 74 برانز میڈل حاصل کیے۔ نیوی 108میڈل حاصل کر کے تیسری پوزیشن پر رہی، 36گولڈ، 39 سلور اور 33 برانز میڈل نیوی کے حصے میں آئے۔ پنجاب نے 16گولڈ، 38سلور اور 72برانز میڈل جیتے ، ایچ ای سی نے 14گولڈ، 38 سلور اور 56 برونز میڈل حاصل کیے۔ سندھ میڈلز کے حصول میں چھٹے نمبر پر رہا، سندھ نے 11گولڈ، 25 سلور اور 57 برانز میڈل حاصل کئے۔ ادھر بلاول بھٹو نے اپنے خطاب کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چیف آف ڈیفنس فورسز نیشنل گیمز بلاول بھٹو برانز میڈل نظریات اور میڈل حاصل پاکستان ا اور قومی سلور اور انہوں نے حاصل کی کے ساتھ کہا کہ نے کہا
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔