چائنا میڈیا گروپ “اسپرنگ فیسٹیول گالا اوورچر” فرانس کی خصوصی تقریب کا پیرس میں انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
چائنا میڈیا گروپ “اسپرنگ فیسٹیول گالا اوورچر” فرانس کی خصوصی تقریب کا پیرس میں انعقاد WhatsAppFacebookTwitter 0 26 January, 2025 سب نیوز
پیرس ()
فرانس میں چائنا میڈیا گروپ کی “اسپرنگ فیسٹیول گالا اوورچر ،گلوبل واچ اسپرنگ فیسٹیول گالا” تقریب پیرس میں منعقد ہوئی۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے شعبہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے اس موقع پر ایک ویڈیو تقریر کی.
فرانس میں چین کے سفیر ڈینگ لی، یونیسکو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے ثقافت ارنسٹو اوٹون اور فرانس کے پومپیڈو نیشنل آرٹس اینڈ کلچر سینٹر کے صدر لورنٹ لی پین نے تقریب میں شرکت کی اور تقاریر کیں۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 افراد نے شرکت کی جن میں یونیسکو میں چین کے سفیر یانگ شین یو بھی شامل تھے۔
شین ہائی شیونگ نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ چینی جشن بہار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، اور دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ اسے مختلف شکلوں میں مناتا ہے۔ یہ تہوار نہ صرف اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ عالمی دن بن گیا ہے بلکہ گزشتہ سال اسے انسانیت کے غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ۔
” چائنیز نیو ایئر ” عالمی سطح پر تہذیب کے پھولوں میں اپنی ایک منفرد کشش کے ساتھ کھلتا ہے. چائنا میڈیا گروپ اسپرنگ فیسٹیول گالا مسلسل 42 سال سے منعقد کیا جا رہا ہے اور آج دنیا میں نئے سال کے موقع پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ثقافتی اور فنکارانہ ٹی وی پروگرام بن گیا ہے۔ اسپرنگ فیسٹیول کی غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں کامیاب شمولیت کے بعد پہلے اسپرنگ فیسٹیول گالا کے طور پر ، اس سال کااسپرنگ فیسٹیول گالا 82 زبانوں میں نشر ہو گا ، اور سی ایم جی کے “5 جی + 4 کے / 8 کے + اے آئی” کی سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کو استعمال کرتے ہوئے اندرون اور بیرون ملک ناظرین کے لئے “خوشگوار ، مبارک اور پرجوش” ثقافتی پروگرام پیش کرے گا۔
ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: اسپرنگ فیسٹیول گالا چائنا میڈیا گروپ
پڑھیں:
بھارت نے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا، واہگہ بارڈر پر علامتی تقریب
لاہور:بھارتی حکومت کی جانب سے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کے موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا گیا۔
بھارتی حکومت کے اس اقدام کے باوجود متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے لاہور کے واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کے استقبال کے لیے علامتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سکھ برادری کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
سکھوں کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی مرکزی تقریب 16 جون کو گردوراہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی جس میں شرکت کے لئے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں نے 9 جون کو پاکستان آنا تھا لیکن پاک بھارت کشیدہ تعلقات اور بارڈر بند ہونے کی وجہ سے بھارتی حکومت نے اپنے شہریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔
علامتی استقبال کے لئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ، کمیٹی کے دیگر اراکین ، کرشنامندر لاہور کے پجاری پنڈت کاشی رام، بالمیکی ہندوکمیونٹی کے نمائندے امرناتھ رندھاوا، حضرت میاں میر ؒ کی درگارہ کے سجادہ نشین مخدوم سید علی رضا گیلانی سمیت مسیحی برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ پاک بھارت معاہدے کے تحت شہیدی دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے ایک ہزار سکھ یاتری پاکستان آسکتے ہیں تاہم، اس برس بھارتی حکومت نے نہ صرف یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی بلکہ کرتارپور راہداری بھی بند رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپریل میں وساکھی کے موقع پر پاکستان نے سات ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے تھے ہمارے دروازے اب بھی بھارتی سکھوں کے لئے کھلے ہیں پاک بھارت کشیدگی کے باوجود پاکستان نے واضع طور پر کہا تھا کہ بھارتی سکھوں کے لئے پاکستان کے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں۔ سکھ یاتری،کل پرسوں جب بھی آنا چاہیں ہم ان کا خیرمقدم کریں گے، ہم پرامید ہیں کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر بھارتی سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مذہبی آزادیوں کا احترام ہر ملک کی بنیادی ذمہ داری ہے بدقسمتی سے بھارت نے گرو ارجن دیو جی کی برسی کے موقع پر سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک کر مذہبی ہم آہنگی اور یاتریوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے کرتارپور راہداری کی بندش بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کو بے پناہ عزت دی جاتی ہے اور سکھوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے پاکستان، اقلیتوں کے حقوق کا حقیقی محافظ ہے بھارتی حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو روکنا اور کرتارپور راہداری کی بندش ایک ناقابل قبول اور اشتعال انگیز اقدام ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف مسلسل بے بنیاد پراپیگنڈا مہم چلا رہا ہے، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے، پاکستان کی طرف سے آج بھی کرتارپور کوریڈور کھلا ہے اور بھارتی سکھ یاتری جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں۔