پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں 700 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے پر سرمایہ کاروں کا شکر گزار ہوں، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
اسلام آباد میں ڈیجیٹل ڈائرکٹ انویسمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا کے باصلاحیت لوگوں کے مجمع میں ہونا میرے لیے خوشی کی بات ہے، مجھے خوشی ہورہی ہے کہ ہمارے دوست ممالک سے آئی ٹی کے 11 وزرا اور نائب وزرا یہاں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ 4 دہائیوں میں بہت تبدیلی دیکھی ہے، اب دنیا مکمل طور پر بدل چکی ہے اور ڈیجیٹل دنیا تمام شعبوں میں غیرمعمولی اثررکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی ٹی برآمدی ترسیلات زر سے متعلق وزیراعظم کی کمیٹی کا اجلاس، پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں 4 لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے، پاکستان بدلتی ہوئی دنیا میں بہت سارے مواقع فراہم کرسکتا ہے، ہمارے پاس نوجوانوں کی بہت بڑی آبادی ہے، یہ نوجوان دنیا بھر میں کام کررہا ہے اور مارچ کے مہینے میں ریکارڈ ترسیلات زر پاکستان منتقل ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت میں وفاق سمیت تمام صوبوں کے لیے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جہاں آئی ٹی پارکس اور انکیوبیشن سینٹرز بن رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم ہواوے کمپنی کے ساتھ ایک منصوبہ شروع کررہے ہیں جس کے تحت سالانہ 2 لاکھ لڑکوں اور لڑکیوں کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی جائے گی، ہم نے اس کمپنی کے اشتراک سے لاہور میں پہلی سیف سٹی بھی بنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب کی دیہاتی خواتین کے لیے آن لائن ڈیجیٹل اینڈ آئی ٹی پروگرام، اپلائی کیسے کریں؟
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں 700 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کرنے پر سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سرمایہ کاری آئی ٹی سیکٹر میں نوجوانوں کی صلاحیتیں اجاگر اور انہیں مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے تمام ممالک کی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت، درآمدات، صنعت اور پیداواری صلاحیتوں میں اضافے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آئی ٹی ڈیجیٹل دنیا ڈیجیٹل ڈائرکٹ انویسمنٹ کانفرنس وزیراعظم شہباز شریف.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: آئی ٹی ڈیجیٹل دنیا وزیراعظم شہباز شریف کہا کہ آئی ٹی
پڑھیں:
راس ایکسپو 2026 کا کامیاب انعقاد، پاکستان روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھے گا، شزا فاطمہ
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے راس ایکسپو 2026 کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان روبوٹکس، آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی جامعات، اساتذہ، طلبہ، صنعت اور مختلف ادارے مل کر ایک ایسا مضبوط ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) تشکیل دے رہے ہیں، جو پاکستان کو روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کی عالمی صنعت میں نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 2 روز کے دوران منعقد ہونے والی راس ایکسپو میں جدید ٹیکنالوجی کے متعدد نمونے پیش کیے گئے۔ نمائش میں صنعتی آٹومیشن، مکینیکل روبوٹس، خودکار نظام، دفاعی شعبے کے جدید آلات، فوجی ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ریسکیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے تیار کیے گئے روبوٹس، نیویگیشن سسٹمز اور جدید سمیولیٹرز نے شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی اس نوعیت کی نمائشوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور صنعت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم میسر آ سکے اور پاکستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی صنعت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایکسپو کے دوران دو اہم اعلانات بھی کیے، جن میں روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے 20 ملین ڈالر کی معاونت شامل ہے۔ اس کے علاوہ صنعت کے لیے ایسے سمیولیٹرز تیار کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے، جن کی مدد سے کاروباری ادارے اپنی پیداواری سرگرمیوں کا عملی جائزہ لے سکیں اور آٹومیشن کے معاشی فوائد کا اندازہ لگا سکیں۔
وفاقی وزیر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ جدید مشینیں انسانوں کی ملازمتیں ختم کر دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی ملازمتیں ختم نہیں کرتی بلکہ ان کی نوعیت تبدیل کرتی ہے۔ مستقبل میں ایسے افراد کی ضرورت ہوگی جو روبوٹس اور جدید مشینوں کو تیار کرنے، چلانے اور ان کی دیکھ بھال کی مہارت رکھتے ہوں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ریاضی، الیکٹریکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس جیسے شعبوں کا انتخاب کریں، کیونکہ مستقبل کی معیشت انہی مہارتوں پر استوار ہوگی۔ شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ افرادی قوت نہ صرف نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی بلکہ پاکستان کی معیشت، صنعت اور قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
شزا فاطمہ وفاقی وزیر