وزیراعظم سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات،شہباز شریف کاموجودہ صورتحال میں پاکستان کی مضبوط حمایت کرنے پر اظہار تشکر
اشاعت کی تاریخ: 1st, May 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی 2025)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے، بھارت کا پانی کو جارحیت کیلئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے ،وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے چینی سفیر سے ملاقات کے دوران جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی مضبوط اور ثابت قدم حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اس واقعے کی قابل اعتماد اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کیلئے اپنی مخلصانہ پیشکش کی توثیق پر چین کا شکریہ ادا کیا۔(جاری ہے)
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے درمیان حالیہ ٹیلی فونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے 22 اپریل 2025ء سے ہندوستان کے اقدامات کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو سمجھنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے جارحانہ اقدامات پاکستان کی توجہ اس کی آئی ایس کے پی، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی کی کوششوں سے ہٹا سکتے ہیں جو افغانستان کے اندر سے کام کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا پانی کو جارحیت کیلئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے خاص طور پر کیونکہ سندھ طاس معاہدے کے تحت کسی بھی فریق کو یک طرفہ طور پر معاہدے سے انحراف کا حق نہیں ہے۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر پاکستان نے 90,000 سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جب کہ ملک کے ساتھ ساتھ باقی دنیا کو ایک محفوظ مقام بنانے کی کوششوں میں 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا۔وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔اس موقع پرچینی سفیر نے پاکستان کے نکتہ نظر اور حقائق پر تفصیلی طور پر روشنی ڈالنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے حوالے سے پاکستان اور چین کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لیے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرے گا۔.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے وزیراعظم شہباز شریف شکریہ ادا کیا پاکستان کی چینی سفیر
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا چترال میں یونیورسٹی، اسپتال اور گیس سہولت فراہم کرنے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے اپر چترال میں اسپتال اور یونیورسٹی بنانے کے ساتھ ساتھ گیس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مقامی نجی میڈیاکے مطابق، وزیراعظم نے چترال میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت دور دراز علاقوں میں شہری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی نے نہیں بتایا کہ دانش اسکول بنایا جائے، لیکن وہ آج چترال کے عوام کو ان کا حق دینے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ دانش اسکول ایچ ای سن کالج کے برابر معیار کا ادارہ ہوگا اور یہاں غریب بچوں کو مفت معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چترال کے عوام کا جدید تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ دانش اسکول کا افتتاح تو ہو چکا ہے، اور اپر چترال میں جلد ایک یونیورسٹی اور اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہاں فوری طور پر گیس پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔ چترال شندور روڈ پر تعمیراتی کام جاری ہے، جسے اگلے سال دسمبر تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر کے طلبہ کے لیے میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جن میں چترال کے بچے بھی شامل ہوں گے۔