افواج کو زبردست خراج تحسین، آپریشن بنیان مرصوص کامیاب ترین: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "آپریشن بنیان مرصوص" دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن ہے، جس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا کے سامنے نمایاں کر دیا۔ پاکستانی فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین اور پروفیشنل ترین افواج میں سے ہے۔افواجِ پاکستان کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔ بھارت نے پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھا، مگر ہماری پْرعزم اور ذمہ دار قیادت نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پچھلے چار سے پانچ دنوں سے بھارت مسلسل جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ذریعے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن پاکستانی فوج نے صرف چار گھنٹوں میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر خاموش کر دیا۔ پاکستان نے دن کے اجالے میں بھارت کو جواب دیا، جو ہمارے اعتماد اور شفافیت کا ثبوت ہے۔ افواجِ پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج اور اس کے بیانیے کو مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا ہے۔انہوں نے پاکستانی میڈیا کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خراجِ تحسین کا مستحق ہے، کیونکہ اس نے بھارتی میڈیا کو صحافتی قواعد و ضوابط سکھا دئیے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جو بھارتی میڈیا پانچ دنوں سے جھوٹ بول رہا تھا، آج وہی میڈیا پاکستان کی برتری کو تسلیم کر رہا ہے۔ مودی کا جنگی جنون آخرکار اسی کے گلے پڑ گیا ہے، اور اب دنیا بھارت کی جنگی جارحیت اور جھوٹے پروپیگنڈے کو پہچان چکی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عوام کے تعاون سے پاک افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا، بیرسٹر سیف
"آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اللہ ہمیں ایسا پاکستانی بنائے جس پر ہم سب فخر کرسکیں، ملک جہازوں یا بڑی عمارتوں سے نہیں بنتے، ملک عوام کی سپورٹ اور جذبے سے بنتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پاکستانی ماؤں کی دعاؤں اور عوامی سپورٹ سے پاک افواج نے بھارت کا غرور خاک کیا۔ "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ اللہ ہمیں ایسا پاکستانی بنائے جس پر ہم سب فخر کرسکیں، ملک جہازوں یا بڑی عمارتوں سے نہیں بنتے، ملک عوام کی سپورٹ اور جذبے سے بنتے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت سمجھتا تھا کہ پاکستان کو شکست دے دے گا، اللہ کے کرم سے دشمن کو ایسی شکست دی جو اسے زندگی بھر یاد رہے گی، پاک فوج کی فتح ہم سب کی فتح ہے، جس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی ترقی عوام کی سپورٹ سے ممکن ہے، آپ کی توانائی نے دنیا میں پاکستان کو مقام دلایا، پاکستان کے جھنڈے لہرائیں گے تو آپ ہی ملک کا روشن مستقبل بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ بچو، خیال رکھنا، اب پانچویں جنریشن وار ہے، ففتھ جنریشن وار دلوں میں ملک کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ آپ کے دل میں پاکستان کے جھنڈے کا رنگ ہونا چاہیے، جب یہ جذبہ دلوں میں رہے گا تو دشمن یاد رکھے گا۔