کراچی: لیاقت آباد میں کار سوار ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
کراچی:
لیاقت آباد میں کار سوار ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک چھین کر فرار ہوگئے۔
عید قربان کے قریب آتے ہی شہر میں مویشی چھیننے کی واردات شروع ہوگئیں، بھینس کالونی سے خریدے گئے مویشی لیاقت آباد کے قریب چھین لیے گئے، واردات تعاقب کرتے کار سوار ملزمان نے انجام دی۔
متاثرہ شہری محمد نعیم قریشی ٹرک میں 3 مویشی لاد کر اورنگی ٹاوٴن کی جانب جارہا تھا، ڈاکوٴوں نے اسلحے کے زور پر ڈرائیور کو ٹرک سے اتارکر اپنی گاڑی میں سوار کیا۔
ملزمان مویشیوں سے بھرا ٹرک خود لیکر روانہ ہوگئے، کچھ فاصلے پر جاکر ٹرک ڈرائیور کو بھی اتاردیا، خالی ٹرک نیپا چورنگی کے قریب سے مل گیا۔
مویشی چھیننے کی واردات 9 مئی کوانجام دی گئی، واقعے کا مقدمہ 10 مئی کو لیاقت آباد میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
کئی روز گزر جانے کے باوجود چھینے گئے مویشیوں کا سراغ نہ مل سکا، چھینے گئے مویشیوں کی قیمت 6 لاکھ روپے سے زائد تھی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
کیماڑی کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب اسنوکر کلب پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نور اللّٰہ نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو ہتھیار استعمال ہوئے اور پندرہ فائر کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول نے دوسری شادی کر رکھی تھی اور پہلی بیوی سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ حسین آباد چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
تیسرے واقعے میں کورنگی گودام چورنگی کے قریب ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار کانسٹیبل عثمان زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق کانسٹیبل نے ایک ملزم کو پکڑ لیا تھا کہ اس کے ساتھی نے فائرنگ کردی، عثمان کو ٹانگ پر گولی لگی تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔