راہ چلتی خواتین کو چھیڑ کر فرار ہونے والا بائیک سوار ویڈیو وائرل ہونے پر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, November 2025 GMT
لاہور:
خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو وائرل ہونے پر اوباش بائیک سوار کو گرفتار کرلیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق ایس ایچ او اقبال ٹاؤن عامر شہزاد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی، خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے اوباش ملزم سعید کو گرفتار کرلیا، ملزم سعید نے پاک بلاک میں راہ گیر خاتون کو چھیڑا اور فرار ہوگیا، ملزم کو سی سی ٹی وی ویڈیو میں خاتون کو چھیڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ملزم نے کچھ عرصے قبل غازی آباد کے علاقے میں بھی خاتون سے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔
ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق ریکارڈ یافتہ ملزم سعید کے وحدت کالونی میں بھی 3 خواتین کو چھیڑنے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم کو مشکوک جان کر مون مارکیٹ رکنے کا اشارہ کیا مگر سعید نے موٹر سائیکل بھگا دی، ملزم سعید نے فرار ہونے کی ناکام کوشش کی لیکن موٹر سائیکل گرنے پر پکڑا گیا اور بائیاں ہاتھ زخمی ہوگیا۔
ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق ملزم سعید کی تلاشی پر 30 بور پستول مع گولیاں برآمد ہوا، ملزم کے خلاف خواتین کو چھیڑنے اور ناجائز اسلحہ کا مقدمہ درج ہے، ملزم سعید کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت
دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے خوابی اور نیند کی مختلف خرابیوں کا شکار ہیں، تاہم چینی سائنسدانوں نے ایک ایسے قدرتی مالیکیول کی نشاندہی کی ہے جو دماغ میں نیند کی خواہش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں بے خوابی اور دیگر نیند کے مسائل کے لیے نئی، محفوظ اور مؤثر ادویات کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدےنیچر نیورو سائنس (Nature Neuroscience) میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ٹرپٹامین (Tryptamine یا TrpA) نامی قدرتی مالیکیول دماغ کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ جسم کو آرام اور نیند کی ضرورت ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مناسب نیند انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اسی دوران دماغ یادداشت کو منظم کرتا، نئی معلومات محفوظ بناتا اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران جمع ہونے والے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں بے خوابی، ذہنی دباؤ، ڈپریشن، بے چینی اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کی خرابی کے باعث لاکھوں افراد مناسب نیند سے محروم رہتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے رات کو متحرک رہنے والے چوہوں اور دن میں سرگرم رہنے والے سوروں پر تجربات کیے۔ خصوصی فلوروسینٹ سینسر کی مدد سے جانوروں کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت جانور جاگتے رہے، ان کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار بھی اتنی ہی بڑھتی گئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیول جسم میں بڑھنے والے سلیپ پریشر یعنی نیند کی قدرتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید تحقیق سے پتا چلا کہ جاگنے کے دوران متحرک مخصوص اعصابی خلیے ٹرپٹامین خارج کرتے ہیں، جو بعد ازاں GPR139 نامی ریسیپٹر سے جڑ کر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو نیند کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایسے مرکبات بھی استعمال کیے جو GPR139 ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق ان مرکبات سے نہ صرف نیند کا دورانیہ بڑھا بلکہ اس کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل کی تحقیقات میں یہی حیاتیاتی نظام انسانوں میں بھی ثابت ہو جاتا ہے تو بے خوابی اور دیگر نیند کی خرابیوں کے علاج کے لیے ایسی نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی جو موجودہ ادویات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم مضر اثرات کی حامل ہوں گی۔