ایران پر اسرائیلی جارحیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، وزیراعلیٰ سندھ
اشاعت کی تاریخ: 13th, June 2025 GMT
اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت مشرق وسطیٰ میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتی ہے، سندھ حکومت ایرانی عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے سندھ کابینہ کے پری بجٹ اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز اور غیر انسانی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین، انسانی حقوق اور امن کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ کابینہ اراکین نے بھی متفقہ طور پر اس حملے کو خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مکالمے اور بین الاقوامی ہم آہنگی کا حامی رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت مشرق وسطیٰ میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتی ہے، سندھ حکومت ایرانی عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری فوری طور پر بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے، خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کے دوران کابینہ اراکین نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو اس کے تباہ کن اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جائیں گے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: اسرائیلی جارحیت
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔