جنوبی افریقا کو زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
کراچی:
جنوبی افریقا کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ عبوری کپتان کیشو مہاراج گروئن انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج کو بولاوایو میں پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن بیٹنگ کے دوران بائیں طرف کی گروئن میں کھنچاؤ کی شکایت ہوئی۔ وہ انجری کی نوعیت کا مکمل جائزہ لینے کے لیے وطن واپس جائیں گے۔
مہاراج کی عدم موجودگی میں آل راؤنڈر ویان ملڈر کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو اتوار سے شروع ہونا ہے۔
اس کے ساتھ ہی سینیورن متھوسامی کو مہاراج کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
جنوبی افریقا نے تیز گیند باز لنگی نگیدی کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے، جن کی سیریز کے درمیان میں ٹیم میں شامل ہونے کی امید تھی۔ یہ فیصلہ ان فاسٹ بولرز کو مزید مواقع دینے کے لیے کیا گیا ہے جنہوں نے پہلے ٹیسٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ مہمان ٹیم دوسرا ٹیسٹ ایک صفر کی برتری کے ساتھ کھیلنے جا رہی ہے۔ پہلے میچ میں کوئنز اسپورٹس کلب میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے 328 رنز کی بڑی فتح حاصل کی تھی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جنوبی افریقی بیٹر لوان پریٹوریس نے جاوید میانداد کا اہم ریکارڈ چھین لیا
کراچی:جنوبی افریقا کے نوجوان اسٹار لوان پریٹوریس نے 160 گیندوں پر 153 کی اننگز کھیلی، 19 سالہ بیٹر ڈیبیو پر 150 اور سنچری بنانے والے جنوبی افریقا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بنے۔
لوان پریٹوری نے صرف 112 گیندوں پر سنچری مکمل کی، انہوں نے 19 برس 93 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں 150 رنز بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی کا ورلڈ ریکارڈ انہوں نے جاوید میانداد سے چھین لیا، میانداد نے 1976 میں 19 برس 119 دن کی عمر میں 163 کی باری کھیلی تھی۔
صرف 4 کھلاڑی پریٹوریس سے کم عمر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنائی تاہم ان میں سے 3 نے یہ کارنامہ دوسری اننگز میں انجام دیا ہے۔
ڈیبیو پارٹنر شپ میں پریٹوریس اور بریوس کے درمیان 95 رنز کی شراکت (پانچویں وکٹ) کے لیے بنی۔
جنوبی افریقا کے دو ڈیبیو کھلاڑیوں کے درمیان سب سے بڑی پارٹنر شپ اس سے قبل 92 رنز کی تھی، یہ کارنامہ اینڈریو ہڈسن اور ایڈریان کیوپر نے 1992 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا۔