ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈ میں اربوں روپے کی کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب, 3 سابق اعلی افسر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈ میں اربوں روپے کی کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب کیا ہے جہاں جعلی بینک گارنٹی کیس میں تین سابق اعلی افسران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔یہ کارروائی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان ریلوے کیرج فیکٹری ڈاکٹر نعیم نیازی کی درخواست پر ملزمان کے خلاف کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ الزام نمبر 37/2025 میں زیر دفعہ 109، 409، 420، 468، 471 اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت جن افسران کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سید نجم سعید ، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر، RAILCOP اسلام آباد، محمد زبیر حسین، سابق کنٹرولر فنانس اینڈ اکانٹس اور مہرالنسا ، سابق ڈائریکٹر کمرشل و مارکیٹنگ شامل ہیں۔ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک نجی کمپنی انڈس ویلی انڈسٹریل جنکشن (IVIJ) کے چیئرمین عرفان حمید خان ولد عبد الحمید خان کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے2023 اور 2024 کے دوران یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور بینک الحبیب لمیٹڈ کی 14 جعلی بینک گارنٹیاں تیار کیں جن کی مالیت 1 ارب 16 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد ہے۔یہ جعلی گارنٹیاں مختلف سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں ٹینڈرز میں حصہ لینے کے لیے استعمال کی گئیں۔ ان گارنٹیوں کے عوض RAILCOP اسلام آباد کی جانب سے مذکورہ نجی کمپنی کو 16 کروڑ 49 لاکھ 69 ہزار 160 روپے کی غیرقانونی ادائیگی کمیشن کی مد میں کی گئی، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔یہ اسکینڈل ایک مرتبہ پھر سرکاری اداروں میں شفافیت، نگرانی اور احتساب کے فقدان کو اجاگر کرتا ہے۔ بینکاری نظام پر بھی یہ سوال اٹھا ہے کہ آخر کس طرح بینک گارنٹی جیسے حساس مالیاتی دستاویزات جعلی طور پر منظور ہوئیں اور بروقت پکڑی کیوں نہ گئیں؟پاکستان ریلوے کے مزید سابق اور موجودہ افسران کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس اسکینڈل کے تانے بانے دیگر اداروں اور بااثر حلقوں سے بھی جڑے ہو سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پروکٹر اینڈ گیمبل کا پاکستان میں کاروبار بند کرنے کا اعلان
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی(بزنس رپورٹر)جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی پیرنٹ کمپنی پروکٹر اینڈ گیمبل (پی اینڈ جی) پاکستان میں اپنا کاروبار بند کر رہی ہے۔ یہ فیصلہ کمپنی کے عالمی ری اسٹرکچرنگ پلان کا حصہ ہے۔لسٹڈ کمپنی نے یہ پیش رفت جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں ظاہر کی۔نوٹس میں کہا گیا کہ جیلیٹ کمپنی ایل ایل سی نے جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا ہے کہ پروکٹر اینڈ گیمبل کمپنی نے پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو اس کے عالمی ری اسٹرکچرنگ پروگرام کا حصہ ہے۔ اس میں پورٹ فولیو، سپلائی چین اور تنظیمی فیصلے شامل ہیں تاکہ ترقی اور ویلیو کری ایشن کو تیز کیا جا سکے۔کمپنی نے بتایا کہ اس کاروباری خاتمے کے لیے درکار اقدامات پر غور کرنے کے لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ اس میں، اگر ضروری ہوا، تو جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کا امکان بھی شامل ہو سکتا ہے، جو تمام قانونی اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق ہوگا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ مہینوں میں کئی بڑی کمپنیوں نے پاکستان سے نکلنے کا اعلان کیا ہے۔