جولائی میں دہشتگرد حملوں میں معمولی اضافہ ہوا، تھنک ٹینک
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں جولائی کے دوران دہشت گردی کے حملوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔اسلام آباد میں واقع تھنک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی سی ایس ایس) کی جانب سے جاری کی گئی تازہ ترین ماہانہ سیکیورٹی رپورٹ میں بتایا گیا کہ جون میں ملک بھر میں دہشت گردی کے کل 78 حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد کی اموات ہوئیں، جن میں 53 سیکیورٹی اہلکار اور 39 شہری شہید ہوئے جبکہ 6 شدت پسند بھی مارے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں 189 افراد زخمی ہوئے، جن میں 126 سیکیورٹی اہلکار اور 63 شہری شامل ہیں۔تازہ رپورٹ میں جولائی میں ملک بھر میں 82 دہشت گردی کے حملوں کا ذکر کیا گیا ہے، جن کے نتیجے میں 101 افراد کی اموات اور 150 زخمی ہوئے، پی سی ایس ایس کے مطابق دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں 47 شہری اور 36 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں جبکہ 18 شدت پسند بھی مارے گئے، اس کے علاوہ زخمی ہونے والوں میں 90 شہری، 52 سیکیورٹی اہلکار، 7 شدت پسند اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ’سیکیورٹی فورسز نے اپنے آپریشنز کو تیز کیا، جس کے دوران 106 شدت پسند ہلاک اور 69 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، تاہم ان آپریشنز کے دوران 7 شہری بھی ہلاک ہوئے۔پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز نے نوٹ کیا کہ ملک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں سب سے کم ماہانہ شہادتیں ہوئیں، جس میں صرف ایک اہلکار شہید ہوا، تاہم جولائی میں دہشتگردوں کے حملوں میں 36 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی آپریشنز کے نتیجے میں جولائی میں 215 افراد کی اموات ہوئیں، جن میں ہلاک 124 دہشتگرد شامل ہیں، جبکہ 54 شہری اور 37 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 199 افراد زخمی ہوئے، جن میں 107 شہری، 56 سیکیورٹی اہلکار، 35 دہشتگرد اور ایک امن کمیٹی کا رکن شامل تھا۔ بتایا گیاکہ دہشتگردوں نے اس ماہ کم از کم 14 افراد کو اغوا کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔