Daily Mumtaz:
2025-08-16@20:36:30 GMT

ایشیا کپ: ہربھجن سنگھ نے پاکستان سے میچ کی مخالفت کردی

اشاعت کی تاریخ: 16th, August 2025 GMT

ایشیا کپ: ہربھجن سنگھ نے پاکستان سے میچ کی مخالفت کردی

سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے ایشیا کپ میں انڈین ٹیم کے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی مخالفت کردی۔
انڈین میڈیا کے مطابق سابق بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان گھر واپس نہیں آتے اور ہم کرکٹ کھیلنے چلے جاتے ہیں، یہ فوجیوں کی قربانیوں کا مذاق ہے، ہم انکو اتنی اہمیت کیوں دیتے ہیں؟۔۔
ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہماری حکومت کا مؤقف بھی یہی ہے کہ “خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے”۔
ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا مگر ٹورنامنٹ سے قبل بھارتی میڈیا اور سابق کھلاڑی ہمیشہ کی طرح پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔
بھارت اور پاکستان کا میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے جو دونوں ممالک کے درمیان اپریل میں پہلگام حملے کے بعد پہلا ٹاکرا ہوگا۔ یاد رہے اس حملے کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان کے ساتھ ہر تعلق ختم کرنے کی کوشش کی اور کھیل کے میدان کو بھی سیاست زدہ کر دیا۔
بھارتی میڈیا اور کھلاڑیوں کے یہ بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کھیل کے میدان میں بھی پاکستان کے خوف سے باہر نہیں نکل پایا۔ گویا کھیل کو بھی دشمنی کا ہتھیار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ شائقین پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں لیکن بھارت کی جانب سے ایسی سیاست بازی کھیل کی روح کے خلاف ہے۔
پاکستانی عوام اور کھلاڑیوں کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، لیکن بھارت اپنی پرانی روش کے مطابق کھیل کو دشمنی اور نفرت پھیلانے کا ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔

Post Views: 7.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: ہربھجن سنگھ نے پاکستان کے

پڑھیں:

بھارت کا جھوٹا بیانیہ

مثل مشہور ہے کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔ ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے سو جھوٹ بولنے پڑتے ہیں۔ اس کے باوجود سچ غالب آ کر رہتا ہے۔ سو جھوٹ بھی ایک سچ پر حاوی نہیں ہو پاتے۔ حق و سچ کی روشنی باطل کے اندھیروں کو چیرکر چار سُو پھیل جاتی ہے اور باطل اپنی موت آپ مر جاتا ہے۔

یہ سلسلہ ازل سے چل رہا ہے اور ابد تک جاری رہے گا۔ انسان فطرتاً اپنی بڑائی و برتری قائم رکھنے کے لیے دروغ گوئی سے کام لے کر اپنی بات منوانے کی کوشش کرتا ہے لیکن جوں جوں وقت گزرتا جاتا ہے جھوٹ کے پردے سے سچائی کی کرنیں پھیلنے لگتی ہیں اور اس کا جھوٹ، دھوکہ، فریب کاری وقت کی دھول میں گم ہو جاتے ہیں۔

تاریخ شاہد ہے کہ ہمیشہ سچ کا بول بالا ہوا اور جھوٹ کا منہ کالا ہوا ہے۔ مسلسل جھوٹ کا پرچار جھوٹے کا مذاق بن جاتا ہے اور بدنامی و رسوائی اس کا مقدر قرار پاتی ہے۔ کچھ ایسی ہی صورت حال کا سامنا آج کل پڑوسی ملک بھارت کی مودی سرکار اور اس کے حواریوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ پہلے تو اس نے اپنے روایتی متعصبانہ رویے اور مسلم دشمنی کے زیر اثر پہلگام واقعے کا جھوٹا اور بے بنیاد افسانہ گھڑا اور اس سانحے کا الزام پاکستان پر بغیر ثبوت کے لگا کر جنگ کا آغاز کیا۔ پاکستان نے ایک سے زائد مرتبہ کہا کہ بھارت ہمیں ٹھوس ثبوت فراہم کرے اور عالمی برادری کو پیشکش بھی کی کہ وہ پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے تیار ہے۔

پاکستان حکومت کی واضح اور دو ٹوک حکمت عملی کے باعث مودی سرکار پر عالمی دباؤ بڑھتا رہا لیکن بھارت اپنی مکاری اور چال بازیوں سے باز نہ آیا اور پاکستان پر جنگ مسلط کر دی۔ چار روزہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاک فوج نے انتہائی پیشہ ورانہ حربی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس کا غرور اور فخر رافیل طیارے مار گرائے۔ پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ نے اس خبر کو نمایاں طور پر شایع کیا اور تصدیق کی کہ بھارت کو اس جنگ میں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رافیل طیاروں کی تباہی نے عالمی سطح پر پاکستانی ایئر فورس کی مہارت کا سکہ بٹھا دیا۔ جواب میں بھارت پاکستان کا ایک بھی طیارہ نہ گرا سکا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت سے جس کا وہ متعدد بار مختلف عالمی فورمز پر اظہار کرچکے ہیں پاک بھارت جنگ رک گئی لیکن بھارت آج تک جنگ رکوانے میں امریکی صدر کے مثبت کردار سے مسلسل انکار کرتا چلا آ رہا ہے۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران مودی سرکار کے کسی ایک بھی اہلکار نے یا خود نریندر مودی نے کسی بیان، کسی پریس کانفرنس یا کسی انٹرویو میں جنگ کے دوران پاکستانی طیاروں کے گرانے کی بات نہیں کی البتہ بھارت کے رافیل طیاروں کے گرانے کا ملفوف انداز میں اعتراف کرتے رہے ہیں، جو ان کی عالمی سطح پر رسوائی و بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔

بھارت اپنی خفت مٹانے کے لیے ہمیشہ سے چال بازیاں کرتا رہا ہے، تین ماہ بعد اب انڈین ایئر چیف اے پی سنگھ کو یہ الہام ہوا ہے کہ بھارت نے بھی پاکستان کے چھے طیارے تباہ کیے ہیں۔ غالباً بھارتی فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے کوئی خواب دیکھ لیا ہے اور اسی بنیاد پر تین ماہ کی عالمی رسوائی و بد نامی کے بعد وہ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے چھے طیارے تباہ کیے ہیں، لیکن افسوس کہ ان کے پاس اپنے بے بنیاد اور مضحکہ خیز دعوے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے جسے وہ عالمی میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارتی فضائیہ پر لگنے والے رسوائی کے داغوں اور سوالات کا جواب دے سکیں۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ جو دورکی کوڑی لائے ہیں اس پر انھیں اندرون اور بیرون شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی اپوزیشن پاکستانی طیارے گرانے کے مضحکہ خیز اور بے بنیاد دعوؤں کا ثبوت مانگ رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بڑی پتے کی بات کہی کہ اگر بھارت نے پاکستانی طیارے گرائے تھے تو اسی وقت اعلان کیوں نہ کیا گیا اور اگر آپ کا دعویٰ سچا ہے تو ثبوت سامنے لائے جائیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بڑے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں بھارتی ایئر چیف کی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔

پہلگام واقعے کی طرح پاکستانی طیارے گرانے کے بھارتی دعوے کو پاکستان نے پھر چیلنج کرتے ہوئے عالمی سطح پر آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق کرانے کا مطالبہ کیا ہے جو بھارت کی مودی سرکار کے لیے ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ بھارت ہر واقعے کا جھوٹا بیانیہ بنانے میں پیش پیش رہتا ہے۔

اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے ہر واقعے کا جھوٹا اور بے بنیاد الزام پاکستان پر تھوپ دیتا ہے۔ بعینہ غیر ضروری فیصلے و اقدامات سے دو طرفہ کشیدگی کو ہوا دینا اس کا معمول بنتا جا رہا ہے۔ پہلگام واقعے کو جواز بنا کر نہ صرف بھارت نے جنگ مسلط کی بلکہ پاکستان کا پانی بھی روک دیا ہے، 3 اگست کو عالمی ثالثی عدالت نے پاکستان کے حق میں فیصلے دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے۔ عدالت نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے، بھارت پر اب لازم ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی پابندی کرے اور پاکستانی طیارے گرانے کے جھوٹے بیانیے کی تردید کرے۔

متعلقہ مضامین

  • پاکستان پر دنیا کے کسی ملک نے سوالات نہیں اٹھائے، سابق بھارتی میجر جنرل نے مودی کو آئینہ دکھادیا
  • واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر سکھوں کا احتجاج، 17 اگست کو ’خالصتان ریفرنڈم‘ کا اعلان
  • کیا جھوٹ سچ کو شکست دے سکتا ہے؟
  • سابق سری لنکن کرکٹر پر پانچ سال کی پابندی عائد
  • باسط علی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کورٹ مارشل کا مطالبہ کردیا
  • قومی ٹیم میں ہر کوئی اپنے لیے کھیل رہا ہے، ہر جگہ پنڈی کی پچ لیکر نہیں گھوم سکتے، شعیب اختر 
  • بھارت کا جھوٹا بیانیہ
  • ٹیرف پر ٹیرف۔۔۔! ٹرمپ، مودی سے ناراض کیوں؟ سابق بھارتی سفارت کار نے غصے کی وجہ بتا دی
  • ٹرمپ بھارت سے کیوں ناراض ہیں؟ سابق بھارتی سفارتکار نے بتادیا