پنجاب میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
لاہور: پنجاب بھر میں ایک بار پھر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے جہاں گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا ہے وہیں نظامِ زندگی بھی متاثر کر کے رکھ دیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت جنوبی اور وسطی پنجاب کے متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ہے مگر کئی علاقوں میں سڑکیں اور نشیبی بستیاں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
لاہور، ساہیوال، وہاڑی، پیرمحل، چیچہ وطنی، جڑانوالہ، اوکاڑہ، شجاع آباد، احمد پور شرقیہ، بورے والا، پتوکی اور ننکانہ صاحب سمیت درجنوں شہروں میں بادل گرجنے اور تیز ہوائیں چلنے کے بعد موسلا دھار بارش برسی، جس سے سردی کی ابتدائی لہر محسوس کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے گرمی سے نجات پر سکھ کا سانس لیا لیکن دوسری جانب کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہو گئیں۔
موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ وہاڑی، چیچہ وطنی، بورے والا اور پتوکی میں بجلی معطلی کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ شہریوں کو پانی کی نکاسی کے لیے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر شدید تحفظات ہیں۔
لاہور کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام رہا۔ شجاع آباد اور پیرمحل میں شدید بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، بعض مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ نیا سلسلہ مون سون کے اختتامی مرحلے کا حصہ ہے، جو پورے صوبے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا باعث بنے گا۔ اگلے 2 دن کے دوران بہاولپور، ملتان، فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برقی تنصیبات کے قریب احتیاط برتیں۔ بارش سے موسم خوشگوار ضرور ہوا ہے مگر بجلی کی معطلی، ٹریفک جام اور پانی کے نکاس کے مسائل ایک بار پھر انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان چھوڑ گئے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پشاور سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ خیبر پختونخواکے بیشترا ضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کاامکان ہے۔خیبر پختونخواکے بلند وبالا پہاڑی علا قوں میں بارش کے ساتھ بر ف باری کا امکان جاری رہے گا۔ چترا ل،دیر،سوات،شانگلہ،ہزار ہ اور مالاکنڈ ڈویثرن میں بارش کاامکان ہے۔پشاور،مردان،چارسدہ،کوہاٹ،کرک،ہنگو میں موسلا دھار بارش کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں سیلا ب آنے کا خدشہ ہے۔پہاڑی علا قوں میں لینڈ سلا ئیڈنگ کے خدشات ہیں۔شہر پشاو ر کا کم سے کم درجہ حرارت 21اور ذیادہ سے ذیادہ 30ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے۔گزشتہ جو بیس گھنٹوں کے دوران کاکول میں 16ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر سٹی 13،پشاور ائیر پورٹ ایریا8،بالاکوٹ4،چترال میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔دورش،کالام،تخت بائی،چیراٹ میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔