لاہور سمیت کئی شہروں میں طوفان بادوباراں ‘ رائیونڈ ‘ میں چھتیں گرنے سے 2جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
لاہور+ قصور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+خبر نگار ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ پنجاب کے دیگر شہروں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کندیاں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال اور مریدکے میں بادل برس پڑے۔ اس کے علاوہ قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ کئی شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی مکئی، کماد اور مونجی کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ دریں اثناء شدید جکھڑ اور آندھی سے علاقہ میں درجنوں درخت اکھڑ جانے سے متعدد دیہات اور موضعات کی بجلی کئی گھنٹے بعد بھی بحال نہیں ہو سکی۔ قصور کے موضع ڈھولن ہٹھاڑ میں تیز آندھی کی وجہ سے درخت ٹوٹا اور مکان کی چھت پر گر گیا جس سے 65 سالہ ندیم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ فیروزپور روڈ وڈانہ میں 35 سالہ ساجد طوفانی بارش کی وجہ سے کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء رائیونڈ میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔اسلام آباد میں 56 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلی‘ محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ آج بارش متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علاقوں میں ا ندھی
پڑھیں:
بحیرہ عرب کا موسمی سسٹم طاقتور، ساحلی علاقوں کیلئے خدشات بڑھ گئے
محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں موجود سسٹم کے شدت اختیار کرنے پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سسٹم شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن سے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے، جبکہ امکان ہے کہ یہ ڈیپ ڈپریشن 12 گھنٹے میں طوفان بن جائے گا۔طوفان بننے کی صورت میں اس کا نام ’شکتی‘ رکھا جائے گا، جوکہ سری لنکا کا تجویز کردہ ہے. شکتی کا مطلب طاقت ہے جبکہ طوفان کے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونےکا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سسٹم کراچی سے 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے، سسٹم کے زیراثرسمندر میں طغیانی بھی رہےگی، جبکہ سمندری طوفان بحیرہ عرب میں 5 یا 6 اکتوبر تک رہ سکتا ہے۔سمندر میں شدید طغیانی کے پیش نظر سندھ کے ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک سمندر میں جانے سے بھی منع کیا ہوا ہے۔