پنجاب اور کراچی میں بارشوں کا سلسلہ جاری، موسم خوشگوار,بجلی کی فراہمی متاثر
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا اور ابرِ رحمت برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن، لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، ماڈل ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارش سے درجہ حرارت میں کمی آگئی اور ٹھنڈی ہواؤں نے خنکی بڑھا دی۔ پنجاب کے دیگر شہروں ملتان، فیصل آباد، خانیوال، وہاڑی، پیر محل، بہاولپور، دنیاپور، ساہیوال، پاکپتن اور میاں چنوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر کراچی میں بھی رات گئے بادل برس پڑے، کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ اورنگی ٹاؤن، نیو کراچی، منگھوپیر، بلدیہ، سرجانی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، بفرزون، گلشن اقبال اور گلستان جوہر سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی ہوئی۔ بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جس سے شہری پریشان دکھائی دیے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں بھی موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: موسم خوشگوار علاقوں میں
پڑھیں:
لاہور سمیت کئی شہروں میں طوفان بادوباراں ‘ رائیونڈ ‘ میں چھتیں گرنے سے 2جاں بحق
لاہور+ قصور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+خبر نگار ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مختلف علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ پنجاب کے دیگر شہروں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور کندیاں میں موسلادھار بارش ہوئی۔ شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال اور مریدکے میں بادل برس پڑے۔ اس کے علاوہ قصور، پتوکی، پھولنگر، ساہیوال، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم اور دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ کئی شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی مکئی، کماد اور مونجی کی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ دریں اثناء شدید جکھڑ اور آندھی سے علاقہ میں درجنوں درخت اکھڑ جانے سے متعدد دیہات اور موضعات کی بجلی کئی گھنٹے بعد بھی بحال نہیں ہو سکی۔ قصور کے موضع ڈھولن ہٹھاڑ میں تیز آندھی کی وجہ سے درخت ٹوٹا اور مکان کی چھت پر گر گیا جس سے 65 سالہ ندیم ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ فیروزپور روڈ وڈانہ میں 35 سالہ ساجد طوفانی بارش کی وجہ سے کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء رائیونڈ میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔اسلام آباد میں 56 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی چلی‘ محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ آج بارش متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔