کراچی، ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 3 نوجوانوں کو زخمی کر دیا۔
پہلا واقعہ کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 20 سالہ غلام مرتضیٰ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ متاثرہ نوجوان کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسرا واقعہ ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 18 سالہ نعمان شدید زخمی ہو گیا۔ ایدھی کے رضا کاروں نے زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کو پیٹ میں گولی لگی تھی۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
تیسرا واقعہ کورنگی سیکٹر 32-ڈی ناصر جمپ کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان پر فائرنگ کی۔ 25 سالہ عمر عالم کو چھیپا کے رضا کاروں نے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال پہنچایا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمر کو پیٹ اور بازو پر گولیاں لگی تھیں اور اس کی حالت نازک ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
تاندلیانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سےدو بچے جاں بحق، سات افراد زخمی
فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں مکان کی چھت گر گئی ، دو بچے جاں بحق، سات افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث چھت زمین بوس ہوگئی-ریسکیو ٹیموں نے تمام زخمیوں کو فوری طبی امدادکے بعداسپتال منتقل کردیا ،جاں بحق ہونیوالے بچوں میں بارہ سالہ راحیلہ فاطمہ اور آٹھ سالہ ابوذَر بن ظہور شامل ہیں ،زخمیوں میں ساٹھ سالہ غلام فاطمہ بی بی پینتیس سالہ سمیرا بی بی ساٹھ سالہ نورا بی بی آٹھ سالہ حسنین فاطمہ چارسالہ ابوبکر تین سالہ دعا فاطمہ اور دس سالہ آمنہ شامل ہیں –