میرین انفورسمنٹ یونٹ کی بڑی کارروائی، لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
کراچی:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی کے میرین انفورسمنٹ یونٹ نے انسداد اسمگلنگ کی بڑی کاروائی کرتے ہوئے لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے اور تین لکڑی کی لانچیں قبضے میں لے لی۔
ایف بی آر کے مطابق میرین انفورسمنٹ یونٹ کی یہ کارروائی 9 اور 10 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے مطابق ایرانی ڈیزل کی بڑی کھیپ سمندری راستے سے پاکستان لائی جا رہی تھی۔
ایف بی آر نے بتایا کہ پریوینٹیو افسران ایاز علی اور سلیم یوسف پر مشتمل کسٹمز کی میرین انفورسمنٹ ٹیم نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے گہرے سمندر میں مخصوص مقامات کی طرف رخ کیا، سومیانی اور پھور سَپَت کے قریب ہدف کے طور پر نشان زد کشتیوں کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں روکا گیا۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ گرفتاری کے بعد لانچیں انسانی جانوں کو نقصان پہنچائے بغیر بحفاظت کراچی بندرگاہ پر کسٹمز کے اینٹی اسمگلنگ آفس منتقل کر دی گئیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ ڈیزل کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 31 لاکھ 40 ہزار روپے ہے اور تینوں لانچوں کی مجموعی مالیت 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے، اس طرح ضبط شدہ سامان کی کل مالیت تقریباً 7 کروڑ 81 لاکھ 40 ہزار روپے بنتی ہے، جو میرین یونٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2025 میں بھی میرین ٹیم نے اورمارہ اور سومیانی بے کے قریب دو الگ کارروائیوں میں بالترتیب 18 ہزار 271 لیٹر اور 29 ہزار 272 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا تھا۔
کلیکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے میرین انفورسمنٹ یونٹ کی شان دار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسٹمز پاکستان سمندری نگرانی اور نفاذ کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتے ہوئے قومی ریونیو اور ملکی معیشت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: میرین انفورسمنٹ یونٹ ایرانی ڈیزل یونٹ کی
پڑھیں:
ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے، شان مسعود
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان شان مسعود نے کہا کہ اس دفعہ پی سی بی نے ریڈ بال کرکٹ کے لیے کافی کام کیا ہے۔ ریڈ بال کے لیے کیمپ لگائے گئے، کھلاڑیوں نے کاؤنٹی کرکٹ کھیلی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا چیمپئن ٹیم ہے، ان کے خلاف بہترین کھیل کر اپنا مورال بہتر کریں گے۔ ٹیسٹ میچز جیتنے کے لیے 20 وکٹیں حاصل کرنی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سائیکل میں ہوم سیریز بہت اہم ہوتی ہے۔ پچھلی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں رزلٹ اچھے نہیں رہے لیکن کچھ مثبت چیزیں رہیں۔ پوری کوشش کریں گے کہ آغاز اچھا کریں۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ فلیٹ ٹریک پر دونوں ٹیمیں 600 رنز کریں تو اس کا فائدہ نہیں ہے۔ اچھے نتائج کے لیے اپنے رنز کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ رنز کنڈیشن کے حساب سے بنتے ہیں، ہر میچ میں سنچری ضروری نہیں ہے۔
شان مسعود نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم میں نئی کنڈیشنز ہوں گی تو کنڈیشنز کو جلدی سمجھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساجد خان ان کنڈیشنز میں ہمارے بہت اہم بولر ہیں، بدقسمتی سے ان کو وائرل فلو ہوگیا تھا، پلیئرز کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کو تیار کریں گے۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ہوم کنڈیشن کا فائدہ اٹھانا بہت اہم ہے، ہر ٹیم اپنے مطابق کنڈیشن تیار کرتی ہے۔ پہلے ان کنڈیشن میں تین اسپن بولر اور ایک فاسٹ بولر کے ساتھ گئے لیکن اب کنڈیشن دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔ ٹیم بنانے میں ریورس سونگ کا عنصر بھی شامل کیا ہے۔