کراچی، تیز رفتار کوسٹر نے دو کمسن موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
اطلاع ملتے ہی لواحقین جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے بتایا کہ بچے بغیر بتائے گھر سے موٹر سائیکل لے کر نکلے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں تیز رفتار کوسٹر نے دو کمسن موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق کورنگی نمبر 5 میں میمن انسٹیٹوٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں دو کم سن موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا، حادثہ کوسٹر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق موٹر سائیکل سوار لڑکوں کی شناخت 14 سالہ مدثر اور 13 سالہ ایان کے نام سے ہوئی، حادثے میں 16 سالہ رافع زخمی ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے بتایا کہ بچے بغیر بتائے گھر سے موٹر سائیکل لے کر نکلے تھے۔
افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے مدثر تین بہن بھائیوں میں سے سب سے چھوٹا تھا اور موٹر سائیکل چلانے والا ایان پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، دونوں بچے قرآن کریم حفظ کر رہے تھے۔ لواحقین نے بتایا کہ دونوں بچوں کا تکمیل قرآن قریب تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب تیز رفتار کوسٹر موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار کوسٹر ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل نے بتایا کہ
پڑھیں:
کراچی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ ٹوٹ گئی
سر روڈ پرلگنے سے چوٹیں آئیں، معروف اداکار نماز فجر کے بعد معمول کی چہل قدمی پر نکلے تھے
گڑھے میں پاؤں پھنسنے سے گر گئے، شہر کی ٹوٹی سڑکوں پر توجہ دی جائے، سندھ حکومت سے مطالبہ
کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر چہل قدمی کے دوران فلم انڈسٹری کے معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔لیجنڈ مصطفیٰ قریشی نے 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان کے متعدد ڈائیلاگز اب بھی زبان زد عام ہیں۔انھوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک حادثے کے بارے میں بتایا کہ فجر کی نماز کے بعد وہ حسبِ معمول گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک سڑک کے ٹوٹے ہوئے حصے میں پاؤں پھنس گیا۔مصطفیٰ قریشی نے مزید بتایا کہ میرا پاؤں خستہ حال سڑک کے گڑھے میں اٹکا، میں زور سے گرا، سر بھی روڈ پر لگا اور ٹانگ ٹوٹ گئی۔ اللہ کا شکر ہے آنکھ محفوظ رہی۔انھوں نے شہر کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکوں کی درست مرمت کریں۔مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ وہ آج رضا ربانی کی کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے، مگر چوٹ کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ڈاکٹرز نے پلاسٹر کے بعد لیجنڈ اداکار کو 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ تمام سماجی سرگرمیاں معطل رکھیں گے۔فلمی ستاروں اور مداحوں نے مصطفی قریشی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کی ٹوٹی سڑکوں پر توجہ دی جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔