رضوان کو ون ڈے کی کپتانی سے کیوں ہٹایا گیا؟ راشد لطیف نے بڑا دعویٰ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
پاکستان کے سابق کرکٹر راشد لطیف نے محمد رضوان کو ون ڈے کپتانی سے ہٹائے جانے سے متعلق حیران کن دعویٰ کیا ہے۔حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شاہین آفریدی کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور اس سے قبل محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی کپتانی کررہے تھے۔سوشل میڈیا پر سابق کپتان راشد لطیف کا ایک صحافی کو دیا گیا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں راشد لطیف محمد رضوان کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’ محمد رضوان نے فلسطین کا جھنڈا اٹھالیا تو کیا آپ اس کو کپتانی سے ہٹادیں گے؟ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ’اس صورتحال سے یہ مائنڈ سیٹ آگیا ہے کہ ایک اسلامی ملک کا کپتان غیر اسلامی کپتان ہوگا‘۔سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ’قومی ٹیم کے وائٹ بال ہیڈکوچ مائیک ہیسن کی 5 سے 6 لوگوں کی ٹیم ہے، مائیک ہیسن کو ڈریسنگ روم میں یہ کلچر پسند نہیں آتا، ان لوگوں کو سمجھ کیوں نہیں آرہا‘۔ راشد لطیف نے کہا کہ ’ جب انضمام الحق ، ثقلین مشتاق ، سعید انور ٹیم کا حصہ تھے اس وقت ہمیں ان چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا‘۔واضح رہے کہ 2023 کے ورلڈ کپ کے دوران محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف کامیابی کو ’غزہ کے بھائیوں اور بہنوں‘ کے نام کیا تھا۔دوسری جانب رواں برس پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ہی فلسطین کے بچوں کی امداد کیلئے ملتان سلطانز کے ہر چھکے اور ہر وکٹ پر 1 لاکھ روپے کی رقم فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: محمد رضوان کپتانی سے راشد لطیف
پڑھیں:
شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کو قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
یہ سیریز4 سے 8 نومبر کے درمیان فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی، جہاں شاہین پہلی بار ایک روزہ ٹیم کی باقاعدہ قیادت کرتے دکھائی دیں گے۔
شاہین کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی اس سے قبل رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کے کپتان رہے، لیکن سیریز کے بعد ان سے قیادت واپس لے لی گئی تھی۔ ون ڈے فارمیٹ میں وہ محمد رضوان کی جگہ قیادت سنبھالیں گے، جو حالیہ دنوں میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی کا شمار پاکستان کے اہم فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے۔ اب تک وہ66 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں وہ مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے، جہاں وہ 32 میچز میں 120 وکٹیں لے چکے ہیں۔
پی سی بی کی اس نئی تقرری کو ٹیم کی قیادت میں تبدیلی اور نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ شاہین کی قائدانہ صلاحیتیں میدان میں کیسی ثابت ہوتی ہیں، اس کا فیصلہ وقت کرے گا، لیکن شائقین کو ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔