کرغزستان کے صدر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر اور وزیراعظم نے استقبال کیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کرغزستان کے صدر سادیر نورغوز ژاپاروف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر صدر اور وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق کرغز صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے. وفد میں سینیئر وزراء، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنما شامل ہیں۔دورے کے دوران کرغز صدر کی صدرِ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی شیڈول ہیں۔ صدر ژاپاروف پاکستان کرغزستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔مذاکرات میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع پر بھی غور کیا جائے گا۔کرغزستان کی جانب سے آخری صدارتی دورہ جنوری 2005ء میں ہوا تھا۔یہ دورہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔توقع ہے کہ یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو نئی رفتار اور علاقائی و عالمی فورمز پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیراعظم 4 روزہ نجی دورہ مکمل کر کے برطانیہ سے پاکستان واپس پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ نجی دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ سے واپس پاکستان پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم برطانیہ سے نجی دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد کے بجائے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔
شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور کے اولڈ ایئرپورٹ پہنچے اور پھر وہاں سے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے۔
وزیراعظم چار روزہ دورے پر برطانیہ گئے تھے جہاں اُن کا طبی معائنہ بھی ہوا۔