متنازع ٹوئٹ کیس، ایمان مزاری، ہادی چٹھہ کی 3 درخواستیں خارج
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی تین متفرق درخواستیں خارج کر دیں۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ایمان مزاری کی بریت کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی دوبارہ جرح کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
اس کے علاوہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے اسٹیٹ کونسل سے متعلق دائر درخواست بھی خارج کر دی گئی۔
سماعت کے دوران ایمان مزاری اور ہادی علی کے وکیل شیر افضل مروت اور پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں موجود تھے۔
شیر افضل مروت نے عدالت سے استدعا کی کہ دفعہ 342 کے جوابات جمع کرانے کے لیے ایک دن کا وقت دیا جائے۔
جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ سوالات کے جوابات تو دے دیں، تاریخ کل کی دے دوں گا۔
شیر افضل مروت نے دورانِ سماعت کہا کہ آج عدالت کو دیکھ کر گھٹن ہو رہی ہے، یہ عدالت ہے تھانہ نہیں جو اتنی پولیس ہے۔
بعد ازاں اسٹیٹ کونسل نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے دفعہ 342 کا بیان عدالت میں جمع کرا دیا۔
جج افضل مجوکہ نے کیس کو حتمی بحث کے لیے کل تک ملتوی کر دیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
لکی مروت،پولیس موبائل پر خودکش حملہ، اہلکار شہید، 6 زخمی
دونوں حملہ آور سڑک کنارے کھڑے تھے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی
پولیس اسٹیشن تجوڑی کی موبائل قریب آنے پر ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق لکی مروت میں خودکش بمبار نے پولیس اسٹیشن تجوڑی کی موبائل کو نشانہ بنایا، خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے۔دونوں حملہ آور سڑک کنارے کھڑے تھے، پولیس موبائل قریب آنے پر ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔پولیس کے مطابق حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔