مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کا نوازشریف کو خط، شکایات کے انبار لگادیے
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
کراچی:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے طویل عرص سے پارٹی کا اجلاس طلب نہ کرنے پر سابق وزیراعظم اور پارٹی کے صدر نواز شریف کو خط میں لکھا کہ آپ کے صدر بننے کے بعد اجلاس طلب نہیں کیا گیا اور پارٹی کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سید شاہ محمد شاہ نے پارٹی کے صدر نوازشریف کو خط لکھ دیا اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ صدر منتخب ہوئے، اس کے بعد پارٹی کا کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ ملک کی سیاسی صورت حال، مہنگائی، بے روزگاری اور دہشت گردی کے حوالے سے پارٹی میں مشاورت کی ضرورت ہے جبکہ ہم ملک کو اداروں کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں حالانکہ مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ کو اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
شاہ محمد شاہ نے کہا کہ پارٹی میں بھی اسی طرح کام چلنا چاہیے، پارٹی بھی اداروں کے بغیر نہیں چل سکتی اور پارٹی میں سی ای سی، مرکرزی ورکنگ کمیٹی سمیت سب ادارے موجود ہیں، اس کے باوجود کسی بھی ادارے کا اجلاس بلانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔
انہوں نے لکھا کہ ملک کی تمام تر جمہوری جماعتیں اپنے اداروں کے اجلاس منعقد کرتی رہی ہیں، ان حالات میں پارٹی اگر کوئی رہنمائی نہیں کرے گی تو کارکنان مایوسی کا شکار ہوں گے۔
نواز شریف سے سینئر رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر پاکستان کے عوام کا اعتماد ہے، اس وقت آپ پر اہم ذمہ داری ہے کہ آپ پارٹی کو متحرک کریں، حکومت بھی پارٹی کی رہنمائی میں چلنی چاہیے، حکومت پارٹی کے ماتحت ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے اس وقت پارٹی نظر نہیں آ رہی ہے اور عملاً اس وقت ملک بیوروکریسی کے مرہون منت ہے۔
سید شاہ محمد شاہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اوراختر مینگل جیسے لوگ آپ سے ناراض ہیں، اس پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ سندھ میں نہریں نکالنے پر سندھ کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، اگر ہم ان مسائل سے لاتعلق رہیں گے تو ہم تاریخ کے مجرموں کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے، پاکستان کی فیڈریشن کو بچانے کے لیے مسلم لیگ(ن) کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے، جس کی رہنمائی آپ کو کرنی ہے۔
سابق صوبائی صدر نے کہا کہ میں کارکن کی حیثیت سے آپ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فوری طور پر پارٹی کا سی ای سی کا اجلاس طلب کیا جائے اور ان مسائل پر توجہ دے کر حل کیا جائے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
زرتاج گل آج عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئیں، ان کے وارنٹ گرفتاری نکالیں: جج
پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل---فائل فوٹوڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل کے خلاف درج مقدمات پر سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج اگر زرتاج گل پیش ہوتیں تو بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیتے۔
جج نے کہا کہ زرتاج گل آج عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئیں، ان کے وارنٹ گرفتاری نکالیں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ زرتاج گل کو آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، اگلی سماعت پر پیش ہوں گی۔
جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 8 مئی تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ زرتاج گل و دیگر کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات درج ہیں۔