بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی حمایت پر مریم نواز کا اظہار تشکر، دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور
اشاعت کی تاریخ: 18th, May 2025 GMT
لاہور:
بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی حمایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اظہار تشکر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو کی ملاقات ہوئی۔ مریم نواز شریف نے ترکیہ کے سفیر نذیر اوغلو کا پرخلوص و پر تپاک خیر مقدم کیا۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر سفارتی، اخلاقی اور اسٹریٹجک سطح پر غیر متزلزل یکجہتی پر سپاس گزار ہے۔ صدر اردوان کا کہنا کہ ’’ہم اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں‘‘ دلوں میں نقش ہو چکا ہے۔ سب پاکستانی ترکیہ کے بہن بھائیوں کے لیے دلی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان اور ترکیہ صرف اتحادی نہیں بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ میں جُڑے ہوئے بھائی ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ اقدار کی درخشاں علامت ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کے وزٹ کے دوران حکومت ترکیہ اور خاتون اول کی مہمان نوازی پر بے حد مشکور ہوں۔ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارت کو مزید تقویت دینے کے لیے ترکیہ کے ساتھ اشتراک کار بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 7ویں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دوران 24 معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔ پنجاب ترکیہ کے ساتھ دوستی کو معاشی تحریک میں بدلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پنجاب کے پاس برآمدات کی بے مثال صلاحیت، سرمایہ کار دوست انفرا اسٹرکچر اور دیگر بہترین مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان کی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی نمایاں ہے، پاک ترکیہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔ پاک ترکیہ باہمی رشتہ وقت کی آزمائشوں میں کندن ہو کر مزید مضبوطی اور کامیابیوں کی نوید دے رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھارتی جارحیت پر پاکستان اور مریم نواز نے کہا کہ ترکیہ کی ترکیہ کے
پڑھیں:
مریم نواز کا دورہ جاپان نیا سنگ میل ثابت ہوگا: عظمیٰ بخاری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جاپان کے تاریخی اور اہم دورے پر ہیں جو بین الاقوامی سطح پر صوبہ پنجاب کی ترقی کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز دوست ممالک سے روابط مضبوط کر کے پنجاب کے لیے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون حاصل کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کا وژن صوبے کو خودمختار، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا جاپان کا دورہ نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے گا بلکہ نئے منصوبوں، سکالرشپس اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر جیسے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت دوست ممالک سے سیکھنے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب عالمی برادری میں ایک فعال اور ترقی پذیر خطے کے طور پر ابھر رہا ہے۔