سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری، 27ویں ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری ایجنڈے میں شامل
اشاعت کی تاریخ: 12th, November 2025 GMT
سینیٹ سیکریٹریٹ نے جمعرات، 13 نومبر 2025 کو صبح 11 بجے ہونے والے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا ہے، جس میں 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری بھی شامل ہے۔
اجلاس میں علیحدہ فہرست میں درج سوالات پوچھے جائیں گے اور متعلقہ حکام جوابات دیں گے، سینیٹر عون عباس، چیئرمین، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن، سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے 15 جولائی 2025 کو اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے مسئلے پر رپورٹ پیش کریں گے، جس میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے بند ہونے کا معاملہ شامل ہے۔
سینیٹر سید مسرور احسن، چیئرمین، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل 2025 پر رپورٹ پیش کریں گے، سینیٹر امیر ولی الدین چشتی، چیئرمین، اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، مالی سال 2024-25 کے لیے وزارت کی بجٹ مختص اور اس کے استعمال پر رپورٹ پیش کریں گے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وزیر قانون و انصاف، 27 ویں آئینی ترمیم کے بل پر قومی اسمبلی کی جانب سے کی گئی ترامیم کو سینیٹ میں زیر غور لائیں گے اور بل کی حتمی منظوری کی تحریک بھی پیش کریں گے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کونسل آف اسلامک آئیڈیالوجی کی سالانہ رپورٹ 2021-22 سینیٹ کے سامنے رکھیں گے، سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر خزانہ و ریونیو، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مالی سال 2024-25 کی اقتصادی رپورٹ اور گورنر کی مالی سال 2024-25 کی رپورٹ پیش کریں گے، جس میں بینک کے مقاصد، مالی پالیسی اور معیشت کی صورتحال شامل ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر پارلیمانی امور، کونسل آف کامن انٹرسٹس کی مالی سال 2021-22، 2022-23 اور 2023-24 کی رپورٹیں پیش کریں گے، سینیٹرز جان محمد اور ضمیر حسین گھمرو، منسٹر برائے اسٹیبلشمنٹ کی توجہ مبذول کرائیں گے کہ نجی شعبے سے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز کی تقرری متعلقہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔
جبکہ سینیٹر عبد الشکور خان، وزیر مواصلات کی توجہ پاکستان پوسٹل سروسز میں خالی آسامیوں پر اہل امیدواروں کی غیر تقرری کی جانب مبذول کرائیں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: رپورٹ پیش کریں گے مالی سال
پڑھیں:
سینیٹ کا اجلاس آج طلب، 27 ویں آئینی ترمیم منظوری کے لیے پیش کی جائے گی
اسلام آباد ( نیوزڈیسک) سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی منظوری کے بعد مجوزہ 27 ویں آئینی ترامیم کا مسودہ آج سینیٹ پیش کیا جائے گا۔
سینیٹ کا اجلاس آج 11 بجے طلب کیا گیا ہے، سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا جس کے مطابق ایوان میں 27 ویں آئینی ترمیم پر قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کی جائے گی، سینیٹر فاروق ایچ نائیک ستائیس ویں آئینی ترمیم سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے جبکہ وزیرقانون ایوان میں ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون و انصاف نے مجوزہ آئینی ترمیم کا پورا ڈرافٹ منظور کرتے ہوئے شق وار 49 ترامیم کی منظوری دی۔
مشترکہ اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 243 کی تفصیلی مشاورت کے بعد منظوری دی گئی، آئینی عدالتوں کے قیام کی شق کی بھی منظوری دے دی گئی، کمیٹی نے زیر التوا مقدمات کے فیصلےکی مدت 6 ماہ سے بڑھا کر ایک سال کرنے کی ترمیم منظور کرلی ، ایک سال تک مقدمے کی پیروی نہ ہونے پر اسے نمٹا ہوا تصور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا، پی ٹی آئی، جے یو آئی، پی کے میپ اور ایم ڈبلیو ایم کے اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، حکومتی اتحادی جماعتوں کی مجوزہ ترامیم پر اب تک فیصلہ نہ ہوسکا، ان مجوزہ ترامیم میں عوامی نیشنل پارٹی کی خیبر پختونخوا کا نام تبدیل کرنے کی تجویز شامل ہے۔
حکومت نے اے این پی کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی تاہم بلوچستان میں اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کی تجویز پر بھی حکومت نے وقت مانگ لیا، دونوں ترامیم پر مزید غور کے بعد آج حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کے سربراہ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ کمیٹی نے کچھ ترامیم کا اختیار انہیں اور وزیر قانون کو دیا ہے۔