Islam Times:
2025-07-09@12:25:02 GMT

کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام ریلی

اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT

کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام ریلی

مقررین نے کہا کہ برہان وانی ایک نظریہ، ایک علامت اور ایک ناقابل شکست حوصلے کا نام ہے۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کی بھرپور قیادت کی۔ اسلام ٹائمز۔ برہان وانی کے یوم شہادت پر کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام بھی ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر، سینئر مسلم لیگی رہنما و سابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر فرازانہ نذیر، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، انچارج سنٹر انعام الحسن، پی ٹی آئی رہنما فاروق آزاد، مسلم لیگی رہنما قاضی انوار، سابق کونسلر حاجی اعجاز، ممتاز ادیب پروفیسر نذر بھنڈر، معروف مذہبی اسکالر علامہ فداء الرحمان حیدری، شیخ امجد اقبال، نذیر بیگ و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ برہان وانی ایک نظریہ، ایک علامت اور ایک ناقابل شکست حوصلے کا نام ہے۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں کی بھرپور قیادت کی اور انہیں اپنے وطن کی آزادی، حریت اور قابض بھارتی فوج کے خلاف جہاد کے لیے بھرپور انداز میں تیار کیا۔ شہید برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہت، نئی روح اور ایک واضح سمت دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک جانب بھارتی فوج کے مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کئے اور دوسری جانب نوجوانوں کو جہاد کی ترغیب دی اور ان میں آزادی کی ایسی تڑپ پیدا کی جس نے بھارتی فوج کی راتوں کی نیند حرام کر دی۔

.

ذریعہ: Islam Times

کلیدی لفظ: برہان وانی

پڑھیں:

برہان وانی بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت اور کشمیری عوام کے ہیرو ہیں، جی اے گلزار

جی اے گلزار نے شہید نوجوان رہنما اور تحریک آزادی کے دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ان مقدس ارواح کے مقروض ہیں جنہوں نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ شہید نوجوان رہنما برہان مظفر وانی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت اور کشمیری عوام کے ہیرو ہیں۔ ذرائع کے مطابق غلام احمد گلزار نے برہان وانی کے یوم شہادت پر ایک پیغام میں کہا کہ نوجوان رہنما دشمن کے لیے خوف کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس چمکتے ہوئے ستارے کی زندگی، جدوجہد، قربانی، ہمت اور استقامت ان کشمیری نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہے جو اپنی مادر وطن کو غیر ملکی قبضے سے آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ جی اے گلزار نے شہید نوجوان رہنما اور تحریک آزادی کے دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ان مقدس ارواح کے مقروض ہیں جنہوں نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور آج جموں و کشمیر اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ اس عظیم مشن کی تکمیل ہے جس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔حریت رہنما نے کنٹرول لائن کے دوسری جانب، پاکستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ برہان وانی اور تحریک آزادی کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگراموں کا اہتمام کریں اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی طرف مبذول کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو آگاہی دلائی۔ جی اے گلزار نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو قتل کرنا، انہیں وحشیانہ تشدد کے ذریعے جسمانی اور ذہنی طور پر معذور کرنا اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کر کے سالہا سال تک جیلوں میں ڈالنا ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کو مختلف بہانوں سے قتل کر رہا ہے، یہ ایک منظم نسل کشی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ختم کرنا اور ان کی زمینوں پر قبضہ کرنا ہے۔ انہوں نے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جو قوم برہان وانی جیسے بہادر بیٹوں کو جنم دے رہی ہے، اسے فوجی طاقت اور جھوٹے پروپیگنڈے سے شکست نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہماری بقاء، ہماری شناخت، مذہب، زمینیں، وسائل، عزت، وقار اور سب کچھ دائو پر لگا ہوا ہے، ہمیں مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہو گا اور بھارتی ثقافتی جارحیت اور جبری قبضے کو ختم کرانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔

حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کشمیر اور بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان نظربندوں پر نہ صرف تشدد کیا جاتا ہے بلکہ انہیں ضروری طبی امداد سمیت تمام بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

  • کراچی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام شاندار ریلی
  • برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزاد کشمیر میں ریلیاں
  • برہان وانی ایک سوچ اور تحریک ہے، آزادی کی اذان جلد بلند ہوگی، مشعال ملک کا ویڈیو پیغام
  • مقررین کا شہید برہان مظفر وانی کو یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت
  • تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے والے بہادر کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کو 9 سال مکمل
  • برہان وانی بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت اور کشمیری عوام کے ہیرو ہیں، جی اے گلزار
  • تحریک آزادی کے ہیرو برہان وانی کی شہادت کو 9 سال مکمل، وادی میں مکمل شٹرڈاؤن
  • برہان مظفر وانی کی نویں برسی پرآرٹس کونسل میں سیمینار
  • کشمیری رہنما اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں بنیان مرصوص ریلی کا اعلان