پنجاب بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش، متعدد شہر جل تھل
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
لاہور:
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں نظام زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔
لاہور، شجاع آباد، چیچہ وطنی، پیرمحل، وہاڑی، ساہیوال، ننکانہ صاحب، احمد پور شرقیہ، جڑانوالہ، بورے والا، چشتیاں، پتوکی، بچیانہ، ڈجکوٹ، سندیلیانوالی، عبدالحکیم، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں شدید بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔
کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
شجاع آباد، وہاڑی، پتوکی، چیچہ وطنی، ساہیوال اور بورے والا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
پیرمحل، بورے والا اور دیگر شہروں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
بارش کے باعث سردی کی ابتدائی لہر محسوس کی جا رہی ہے جبکہ حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وفاقی محصولات کی تقسیم میں پنجاب لاڈلہ ہے، مزمل اسلم
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے وفاق کی جانب سے صوبوں کو ملنے والے محصولات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی محصولات کی تقسیم میں پنجاب لاڈلہ ہے۔
اپنے بیان میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت پنجاب کو محصولات 16 فیصد زیادہ دیے گئے ہیں۔ انصاف کا تقاضا ہے باقی صوبوں کو بھی 16 فیصد اضافی محصولات جاری کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو 882 ارب روپے 16 فیصد اضافے کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں، سندھ کو 441 ارب روپے 13 فیصد اضافے کے ساتھ جاری کیے گئے۔
مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کو 287 ارب روپے 12 فیصد اضافے کے ساتھ جاری کیے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کو 164 ارب روپے صرف 5 فیصد اضافے کے ساتھ جاری کیے گئے۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ دہشت گردی و پسماندگی کی وجہ سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے فنڈز میں اضافہ ہونا چاہیے لیکن وفاق کی جانب سے پنجاب حکومت پر دست شفقت ہے۔