پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہ کروانے پر ایڈووکیٹ جنرل، چیف سیکریٹری لاہور ہائیکورٹ طلب
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
لاہور ہائی کورٹ نے منگل کے روز جماعتِ اسلامی (جے آئی) کی جانب سے دائر کردہ ایک درخواست پر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور چیف سیکریٹری کو طلب کر لیا۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس فاروق حیدر نے جے آئی لاہور کے امیر ضیاالدین انصاری کی دائر کردہ درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دیگر صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہیں، جب کہ پنجاب میں حد بندی (ڈی لیمیٹیشن) کا عمل 3 بار مکمل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی قانون سیکریٹری کو بارہا ضروری نوٹی فکیشن جاری کرنے کے لیے کہا گیا، لیکن ای سی پی کو بتایا گیا کہ ایک نیا قانون تیار کیا جا رہا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت کو بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور پوچھنا چاہیے کہ آخر پنجاب واحد صوبہ کیوں ہے جہاں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے۔
وفاقی حکومت کے ایک لا افسر نے عدالت کو بتایا کہ وفاق صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور چیف سیکریٹری کی ذاتی طور پر حاضری کا حکم دیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں بلاجواز تاخیر صوبے میں مقامی ترقی اور احتساب کے عمل کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت اپنے آئینی فریضے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور عدالت سے استدعا کی کہ وہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر انتخابات کرانے کے احکامات دے اور تاخیر کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بلدیاتی انتخابات
پڑھیں:
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ
پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے، اتوار کو چھٹی کے روز بھی دونوں جماعتوں نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر ایک دوسرے کو نشانہ بنایا ہے ۔پاکستان پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کامطالبہ کر دیا۔ پنجاب حکومت نے پچھلے کچھ دنوں میں پیپلزپارٹی کیخلاف یکطرفہ مہم چلائی،پنجاب حکومت کی تنقید سمجھ سے باہر ہے،ہمیں ٹارگٹ بنا کر وفاقی حکومت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،اگرکسی کی لڑائی وزیراعظم سے ہے تو پیپلزپارٹی کو نہ گھسیٹا جائے،برائے مہربانی پیپلز پارٹی کو اس لڑائی میں شامل نہ کریں۔ کراچی میں سندھ کے سینئرصوبائی وزیرشرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمیں ڈیڈ لائینز دی جا رہی تھیں کہ بلدیاتی انتخابات کروائیں،تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہوچکے،پنجاب میں کیوں نہیں ہورہے۔شرجیل میمن نے کہا ملکی حالات کو دیکھیں،یہ نئی نئی باتیں نہ کریں،میرا پانی میری مرضی،میرا پیسہ مرضی یہ کونسی باتیں ہیں۔میں کہہ دوں کہ میری پورٹ میری مرضی،میرا کوئلہ میری مرضی، یہ سب کہوں گا تو مجھے میری قیادت پارٹی سے نکال دیگی،نفرت کی آگ کو نہ پھیلائیں اپنے اسپیچ رائٹرز کوشٹ اپ کال دیں،میرا تیرا نہیں، پورا پاکستان،وسائل، صوبے ہم سب کا ہے۔