اورکزئی، بھارتی پراکسی کیخلاف آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل، میجر، 9 جوان شہید، 19 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
اسلام آباد+ پشاور (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) خیبر پی کے کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی جوان شہید ہوگئے۔ کارروائی کے دوران 19 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب خیبرپی کے کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی جس میں بھارتی پراکسی ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج واصل جہنم کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ جھڑپ میں دیگر 9 جوان بھی شہید ہوگئے۔ شہادت پانے والے 9 بہادر سپاہیوں میں ضلع خیبر کے رہائشی 38 سالہ نائیک صوبیدار اعظم گل، ضلع کرم کے رہائشی 35 سالہ نائیک عادل حسین، ضلع ٹانک کے رہائشی 34 سالہ نائیک گل عامر، ضلع مردان کے رہائشی 31 سالہ لانس نائیک شیر خان، ضلع مانسہرہ کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک تالش فراز، ضلع کرم کے رہائشی 32 سالہ لانس نائک ارشد حسین، ضلع مالاکنڈ کے رہائشی 28 سالہ سپاہی طفیل خان، ضلع صوابی کے رہائشی 23 سالہ سپاہی عاقب علی اور ضلع ٹانک کے رہائشی 24 سالہ سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیننگ آپریشن جاری ہے، اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایتی دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے عزم پر قائم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج کے خاتمے پر اظہار اطمینان کیا۔ صدر مملکت نے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور دیگر شہداء کو قوم کے ہیرو قرار دیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ کے لئے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم اور اتحاد کی علامت ہیں۔ قوم مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔دریں اثناء شہید لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر‘وفاقی وزرا‘ فوجی اور سول افسروں کے علاوہ شہریوں نے شرکت کی۔ شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد ِخاک کیا جائیگا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور بھارتی حمایت یافتہ سکیورٹی فورسز اورکزئی میں کے رہائشی صدر مملکت
پڑھیں:
پاک فورسز کی بہادری: آپریشن میں 19 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر شہید
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران 11 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیّب راحت سمیت 9 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کر رہے تھے. شہید ہونے والے دیگر 9 جوانوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر شامل ہیں. اس کے علاوہ لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں بھارتی حمایت یافتہ دیگر خوارجیوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے ملک میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہداء کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے سکیورٹی آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی. بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے. حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اورکزئی میں 19 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجرطیب اور 9 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے 2 جوانوں کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب اور 9 جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کر کے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا. شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان قربانیوں کی مقروض رہے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہداء نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور وفا کی تاریخ رقم کی. شہداء کے خون کا ہر قطرہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے. قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر سمیت سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔علی امین گنڈاپور نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا، حملے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ نے کارروائی میں 19 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ان شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز نے شہادتوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ شہدا کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔