عوام ڈاکوﺅں کے نشانے اورجرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں،منعم ظفر خان
اشاعت کی تاریخ: 9th, October 2025 GMT
کراچی:۔ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں ، ڈاکوﺅں کی لوٹ مار و فائرنگ اور شہریوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نا اہلی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں عوام مسلسل ڈاکوﺅں کا نشانہ بن رہے ہیں اورجرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں، ملک کے سب سے بڑے شہر، تجارتی حب اور اقتصادی شہ رگ میں بد امنی، مسلح ڈاکوﺅں کو پولیس کی کھلی چھوٹ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے۔ پیپلزپارٹی 17سال سے مسلسل حکومت کررہی ہے اور کراچی میں امن و امان، چوری و ڈکیتیوں اور مسلح عناصر کی لوٹ مار کی وارداتوں کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
امیر جماعت کراچی نے کہاکہ حکومتی دعوﺅں کے باوجود شہر میں جرائم کی وارداتیں کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں۔ روزانہ شہر کے کسی نہ کسی علاقے میں مسلح ڈاکوﺅں کی لوٹ مار اور عوام سے قیمتی اشیاء،موبائل ، موٹر سائیکل یا گاڑی چھیننے کے واقعات رونما ہوتے ہیں اور مزاحمت کے دوران شہری اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔ بھتے کی وصولی کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں ، ڈاکوﺅں کے ہاتھوں شہریوں کی اموات کے واقعات بھی تھم نہ سکے اور صرف رواں سال 68 افراد جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی شامل ہے ڈاکوﺅں کی گولی کا نشانہ بن چکے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ پولیس میں بڑے پیمانے پر سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور کراچی کے مقامی لوگوں کو جان بوجھ کر بھرتی نہیں کیا گیا اور دوسری جانب پولیس میں موجود جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے اور ان کو تحفظ دینے والوں کے خلاف عملاً کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ حکومت نے ان کی پشت پناہی کی۔ ضروری ہے کہ محکمہ پولیس میں بھرتیاں صاف شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں اور کراچی کے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے ، پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: جرائم پیشہ عناصر پولیس میں عناصر کی
پڑھیں:
کراچی:ایم کیوایم پاکستان کا ای چالان کے نام پر بھاری جرمانے وصول کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
ایم کیوایم (پاکستان )نے ای چالان کے نام پر بھاری جرمانے وصول کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایم کیو ایم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی عوام ای چالان کے نام پر وصول کی جانے والی بڑی رقم سے بہت پریشان ہے جبکہ غریب عوام کی اکثر اس نئے سسٹم کو وبال جان اور ایک طرح سے طرح سے بھتہ تصور کرتی ہے۔عوام کو درپیش شدید مشکلات کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وکلا اور ارکان اسمبلی ای چالان کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست جمع کرا نے جارہے ہیں ۔اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی، انجینئرعادل عسکری اور طحہ احمد پٹیشن جمع کرائیں گے، ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ عوام کو سہولتیں میسر نہیں، انفرااسٹرکچر نہیں، بھاری جرمانے بھی قبول نہیں۔ایم کیوایم نے صرف کراچی میں عوام کیلئے ای چالان کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ای چالان کا سسٹم صرف کراچی نہیں پورے سندھ میں نافذالعمل ہونا چاہیے۔