Karachi, North East Pumping Station has been without power for 15 hours, water shortage in several areas
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا فالٹ 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال درست نہ کیا جاسکا، جس کے باعث ضلع وسطی اور شرقی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق، کے الیکٹرک کے فیڈر نمبر 1 پر بجلی کا فالٹ 12 اکتوبر بروز اتوار صبح 11 بجے پیش آیا، جو اب تک بحال نہیں کیا جاسکا۔
اس تکنیکی خرابی کے باعث نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے 11 میں سے 4 پمپس جزوی طور پر بند ہیں، جس کے سبب متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کو 15 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، تاہم فالٹ کی درستگی میں غیر معمولی تاخیر شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔
متاثرہ علاقوں میں ضلع وسطی اور شرقی کے کئی علاقے شامل ہیں جہاں پانی کی قلت بڑھتی جا رہی ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق، کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ فالٹ کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ جیسے ہی بجلی کی فراہمی بحال ہوگی، ملحقہ علاقوں میں پانی کی سپلائی فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: علاقوں میں پانی کی
پڑھیں:
سٹاک مارکیٹ میں ایک لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی حد دوبارہ بحال
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی حد دوبارہ بحال ہوگئی۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار 819 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 118 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 61 ہزار 984 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا تھا۔