خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی، سہیل آفریدی
اشاعت کی تاریخ: 13th, October 2025 GMT
خیبرپختونخوا کے نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی، قبائلیوں کا احساس محرومی دور کرنے کے لیے مجھے وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے، میرے نام کے ساتھ زرداری، بھٹو اور شریف نہیں ہے، میرا تعلق قبائلی اضلاع سے ہے، جہاں کے عوام خوشیاں منا رہے ہیں۔
صوبے کا 30 واں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ ہم عمران خان سے عشق کرتے ہیں، اس سے پہلے آپ نے لوگ دیکھے ہوں گے، جو سیاست کرتے تھے، ہم عشق کرتے ہیں، آپ نے جس طرح قبائلیوں کو عزت بخشی، اور شعور دیا ہے، میں آپ کو یقین دلواتا ہوں، کہ خیبرپختونخوا صرف عمران خان کا ہے اور یہاں پر صرف عمران خان کی چلے گی۔
نئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پرچی سے وزیراعلیٰ نہیں بنا، قبائلی علاقے ترقی میں پیچھے رہ گئے، ان میں احساس محرومی موجود تھا، جو اب ختم ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے، جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میرے خاندان کا کوئی فرد سیاست میں نہیں، میرے انتخاب پر قبائلی اضلاع میں خوشیاں منائی جارہی ہیں، اپنی محنت سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: عمران خان کا
پڑھیں:
الیکشن عملے کو دھمکانے کا کیس: وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی الیکشن کمیشن میں پیش
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی الیکشن عملے کو دھمکانے کے کیس میں الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی سماعت کی۔سہیل آفریدی کے وکیل علی بخاری نے دلائل دیے اور کیس کی سماعت کو الگ رکھنے کی درخواست کی۔ اسپیشل سیکریٹری لاء نے کہا کہ کمیشن قانون اور آئین کے مطابق کارروائی کر سکتا ہے اور مانیٹرنگ رپورٹ میں خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سب کے خلاف یکساں کارروائی ہوگی اور وزیر اعلیٰ کے حاضری کے لیے اگلی سماعت پر استثنیٰ دیا۔ سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ کیس این اے 18 میں الیکشن مہم کے دوران عملے کو دھمکانے سے متعلق ہے۔