کراچی:شادی ہالوں کے باہر خواتین کو لوٹنے والے ڈاکو پولیس مقابلے کے دوران گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, November 2025 GMT
کراچی کے علاقے سپر ہائی وے چانڈیو گوٹھ کے قریب سچل پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جو خواتین کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم عظمت کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم اشوک کو تھانے پہنچا دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے پستول، موٹر سائیکل، موبائل فون، خواتین کے پرس اور دیگر چھینا گیا سامان برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے اور شاپنگ مالز، ریسٹورانٹس اور شادی ہالز کے باہر زیادہ تر خواتین کو نشانہ بناتے تھے۔ واقعے کے وقت بھی ملزمان ایک خاتون سے پرس چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے انہیں پکڑ لیا۔ سچل پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ مزید چار ڈاکو دیگر مقابلوں میں پکڑے گئے۔ لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ دھوبی گھاٹ کے قریب پولیس مقابلے میں دو ڈاکو 47 سالہ کامران ولد غلام صمدانی اور 35 سالہ عابد ولد خان محمد زخمی ہوئے، جنہیں چھیپا رضاکاروں نے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا۔ اسی طرح گارڈن پولیس نے لیاری مرزا آدم خان روڈ جھنڈا چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران مزید دو زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکووں کی شناخت عابد عرف ٹڈی دل اور کامران عرف کامی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان سے نائن ایم ایم پستول، ٹی ٹی پستول، موبائل فون، نقدی اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات، قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک، 4 ملزمان گرفتار
کراچی:شہر میں بھتہ خوری کے پے در پے واقعات سامنے آنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس اور وفاقی حساس سویلین ادارے کی بھتہ مافیا کے خلاف 2 اہم چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، نیو ایم اے جناح روڈ پر کار شوروم پر کی گئی فائرنگ میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، بھتہ خوروں نے کار شوروم مالک سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس آئی یو اور وفاقی حساس سویلین ادارے نے نیو کراچی کے مختلف علاقوں نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف اور فائیو جی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کر کے دو ملزمان وقار اور اعجاز کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے اور اس سے اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ گرفتار ملزم اعجاز کے موبائل فون میں بھتہ کالر کا نمبر محفوظ تھا جس پر بھتے کی کال کرنے والے مرکزی ملزم جنید کو بھی گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان نے کار شوروم کے مالک سے 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا اور اسے خوفزدہ کرنے کے لیے شوروم پر فائرنگ کی تھی جس سے باہر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
ایس آئی یو اور وفاقی حساس سویلین ادارے کی بھتہ خوروں کے خلاف ایک اور کامیاب کارروائی میں ایک ملزم سلمان حیدر کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار بھتہ خور نے منگھوپیر میں ماربل فیکٹری کے مالک سے 10 کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا، جس میں بین الاقوامی نمبر استعمال کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ فیکٹری کے مالک کو خوفزدہ کرنے کے لیے ایک پارسل بھی بھیجا گیا جس میں پرچی کے ساتھ 2 گولیاں بھی بھیجی گئی تھیں۔