وزیر خزانہ کی ملاقاتیں‘ آئی ایف سی سے ریکوڈک منصوبے کی جلد تکمیل پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اپنی ٹیم کے ہمراہ مسٹر ریکارڈو پْلِتی، ریجنل وائس پریذیڈنٹ، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن برائے مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکی، افغانستان اور پاکستان سے ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں کو اجاگر کیا۔ سینیٹر اورنگزیب نے آئی ایف سی کے شراکتی کردار‘ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آئی ایف سی کے اہم کردار پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ دونوں فریقوں نے آئی ایف سی کے اہم ریکو ڈک منصوبے کی جلد مالی تکمیل کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔ وزیرِ خزانہ نے اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے ریجنل دفتر کے قیام کا خیرمقدم بھی کیا۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور تیل کی فراہمی کے منصوبوں میں آئندہ تعاون کی امید ظاہر کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان کے لیے نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر اتفاق کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے چھ روزہ دورے پر امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
دورے کے دوران وزیر خزانہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ چین، برطانیہ، سعودی عرب، ترکیہ اور آذربائیجان کے اپنے ہم منصب وزراء سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
محمد اورنگزیب کی ملاقاتوں میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا، ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا، وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ حکام اور امریکی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات شامل ہیں۔
وزیر خزانہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان (MENAP) فورم سے کلیدی خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ بینک کے زیر اہتمام فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹل اصلاحات پر ہونے والے علاقائی گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں مختلف ممالک کے ٹیکس حکام اپنی اصلاحات پیش کریں گے۔
محمد اورنگزیب اپنے دورے میں عالمی مالیاتی اداروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، کمرشل بینکوں، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ کے سرمایہ کاری بینکوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور معاشی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے۔
وہ یو ایس-پاکستان بزنس کونسل کے عہدیداران اور اراکین سے ملاقات میں پاکستان کے مجوزہ ٹیکس اصلاحات اور سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کریں گے۔
وزیر خزانہ واشنگٹن میں امریکہ کے ممتاز تھنک ٹینکس — اٹلانٹک کونسل اور پیٹرسن انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اکنامکس — کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ امریکی ماہرینِ معیشت کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید برآں، وہ امریکہ میں مقیم ممتاز پاکستانی کمیونٹی اراکین سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ تارکین وطن پاکستانیوں کو ملکی معیشت میں فعال کردار کی دعوت دی جا سکے۔
اشتہار