پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی ،ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنیوالا منظم گروہ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 17th, October 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف اپنی موثر اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت لاہور ڈویژن میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے منظم گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائی گزشتہ روز صبح 5بج کر 30منٹ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس میں پنجاب سی این ایف کی ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے منسلک سمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔
کارروائی کے دوران 1.32کلوگرام ہیروئن، 3عدد ڈرونز، 2عدد ایس ایم جیز بمعہ 60رائونڈز، 1عدد پسٹل اور 2عدد بغیر نمبر پلیٹ کے موٹر سائیکلیں (ہونڈا سی جی 125اور ہونڈا سی ڈی 70) برآمد کی گئیں۔
(جاری ہے)
یہ کارروائی کو صوبے میں منشیات کے خلاف جنگ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔پنجاب سی این ایف نے کارروائی کے بعد حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ڈرونز کے ذریعے منشیات سمگل کرنے والے پورے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
فورس کی ٹیمیں جدید انٹیلی جنس تکنیک کے تحت اس نیٹ ورک کے معاون کرداروں اور مالی معاونین تک پہنچنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔اس سے قبل 15اکتوبر کو رات 9بج کر 30منٹ پر پنجاب سی این ایف نے گوجرانوالہ کی حافظ آباد روڈ پر ایک اور خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد ہوا اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا۔ برآمد ہونے والی اشیا میں 5.5کلوگرام چرس، 3کلوگرام افیون، 713گرام آئس، 1عدد پسٹل بمعہ 2میگزین، 30بور کے 41کارتوس اور ایک موٹر سائیکل شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب سی این ایف کے حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔ فورس کا مقصد منشیات کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور وزیراعلی پنجاب کے وژن منشیات سے پاک پنجاب صحت مند اور محفوظ پنجاب کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ پنجاب سی این ایف اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پنجاب سی این ایف
پڑھیں:
چیزیئس سے 40 لاکھ روپے کی ریکوری، فروخت کے اعداد و شمار میں فرق سامنے آگیا
اسلام آباد: چیزیئس ٹیکس ریکوری کا معاملہ اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا ہے جب ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) ساہیوال نے ایک کارروائی کے دوران معروف فوڈ چین سے 40 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کروائے۔
محکمہ ریونیو کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 175 سی کے تحت کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نگرانی کے دوران کمپنی کی جانب سے ظاہر کردہ فروخت اور زمینی حقائق میں نمایاں فرق سامنے آیا تھا جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آر ٹی او ساہیوال کی خصوصی ٹیم نے کاروباری مقام پر فروخت کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران حاصل ہونے والے اعداد و شمار سے معلوم ہوا کہ ریکارڈ میں درج فروخت اور حقیقی کاروباری حجم میں فرق موجود ہے۔
ابتدائی جانچ مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ادارے نے قانونی کارروائی شروع کی اور کمپنی کو واجب الادا رقم جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ بعد ازاں 40 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیاں ٹیکس نظام میں شفافیت بڑھانے اور کاروباری اداروں کو درست مالی ریکارڈ برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمد سے نہ صرف سرکاری آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ معیشت کی دستاویزی شکل کو بھی فروغ ملتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ چیزیئس ٹیکس ریکوری سمیت تمام ایسے معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔