دوحہ میں مجوزہ پاک افغان مذاکرات نہایت اہم ہیں،خواجہ سعد رفیق
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دوحہ میں مجوزہ پاک افغان مذاکرات نہایت اہم ہیں۔ اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے پاک افغان کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو بقائے باہمی کے اصول پر اکٹھے رہنے کے مستقل قواعد واضح کرنے ہوں گے کیونکہ جغرافیہ نہیں بدلا جا سکتا۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ پاک افغان تعلقات میں تاریخی نشیب و فراز اور مدوجزر کے باوجود یاد رکھنا ہو گا کہ سرحد کے دونوں طرف یکساں کلچر رکھنے اور زبان بولنے والے کروڑوں مسلمان آباد ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ افغان حکومت بھارت سے خوشگوار تعلقات رکھے لیکن پاکستان کی سلامتی کی قیمت پر نہیں، افغانستان کو پاکستان سے اناج، اشیائے ضرورت اور دیگر لاتعداد سہولتوں کے بدلے ہمیں مسلح خوارج کی ایکسپورٹ ہر حال میں بند کرنا ہو گی۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے خواجہ سعد رفیق پاک افغان
پڑھیں:
قطر کی ثالثی، پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے
لاہور، لندن (ویب ڈیسک) افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وفد جس کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں اور پاکستان کے متعدد سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام آج دوحہ میں مذاکرات کریں گے۔
پاکستان کی طرف سے ابھی ان مذاکرات کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کی گئی ہیں۔
قبل ازیں پاکستان کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ سرحدی تناؤ کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔
پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کو تصدیق کرتے ہوئے سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ہونے جا رہے ہیں تاہم ذرائع نے مذاکرات کے وقت اور مقام کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اس سے پہلے طلوع نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اس حالیہ کشیدگی کو ختم کروانے کے لیے قطر کی جانب سے بھی ثالثی کی پیشکش کی گئی ہے اور وہ بڑی سنجیدگی سے اس مسئلے کے حل کے لیے فریقین سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی کا علاقائی صورتحال کے حوالے سے پیغام موصول ہوا جس میں انھوں نے علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قطر کی مسلسل حمایت، خطے اور دیگر ملکوں میں امن کو فروغ دینے میں اس کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کا وقت آج شام چھ بجے ختم ہو رہا ہے۔