جمہوریت کے لیے بے نظیر قربانیاں: سانحہ کارساز اور پیپلز پارٹی کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی خاطر جو ناقابلِ فراموش جدوجہد اور قربانیاں دیں، وہ تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے آمریت کے اندھیروں کے خلاف جو چراغ جلایا، وہ آج بھی امید کا نشان ہے۔
سانحہ کارساز 18 اکتوبر 2007 کو پیش آیا، جب جلاوطنی سے واپسی پر کراچی میں لاکھوں کارکنوں نے اپنی قائد کا تاریخی استقبال کیا۔ اسی دوران دہشت گردی کا ہولناک واقعہ پیش آیا، جس میں درجنوں جانثار کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ سانحہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایسا زخم ہے جو جمہوریت سے محبت کرنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہے گا۔
خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کے بہادر کارکنوں کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کا وژن آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے، اور پیپلز پارٹی عوامی حقوق، آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
پیپلز پارٹی کا ہر کارکن، ہر لیڈر اور ہر ووٹر اس عہد کا امین ہے کہ شہید بی بی کا خواب، ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان، ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پیپلز پارٹی
پڑھیں:
مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ فائرنگ میں شہید، گن مین بھی جاں بحق
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کے مطابق سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کوئٹہ سے مستونگ جا رہے تھے کہ قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں سیشن جج اور ان کے گن مین موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ گاڑی میں سوار ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد شہداء اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان بار کونسل نے حملے کو نظامِ انصاف پر دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ بار کونسل نے واقعے کے خلاف صوبہ بھر میں دو روزہ عدالتی ہڑتال اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیے میں ججز، وکلا اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے، حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور واقعے کی جامع تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔