وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کا ٹیلیفونک رابطہ، پاک افغان کشیدگی پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 18th, October 2025 GMT
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے کوالالمپور کے حالیہ دورے کے دوران دی جانے والی شاندار مہمان نوازی پر ملائیشیا کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتیں، خصوصاً حلال گوشت کی برآمد اور دیگر باہمی تعاون کے شعبوں سے متعلق اقدامات، پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا پہنچنے پُر پرتپاک استقبال، سڑکوں پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا، وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِاعظم انور ابراہیم کو غزہ امن معاہدے پر شرم الشیخ میں ہونے والی دستخطی تقریب میں اپنی شرکت سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کی مشکلات کے فوری خاتمے، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے راہ ہموار کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہم پاکستان کے ساتھ معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملائشیائی وزیراعظم
وزیرِاعظم نے اپنے ملائیشین ہم منصب کو پاک افغان سرحد کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اسے افغان سرزمین سے ہونے والی سرحد پار دہشتگردی کا سامنا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ افغان حکام مؤثر اور فوری اقدامات کے ذریعے ان دہشتگرد نیٹ ورکس کو ختم کریں جو پاکستان میں حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ملائشیا کا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیرِاعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر دوحہ مذاکرات میں سہولت کے لیے عارضی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی، تاہم اس کے بعد ضروری ہے کہ تمام دہشتگرد تنظیموں بشمول فتنہ الخوارج، فتنہ الہند، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
وزیرِاعظم انور ابراہیم نے ان حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news افغانستان انور ابراہیم پاکستان ملائشیا وزیراعظم شہباز شریف.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: افغانستان انور ابراہیم پاکستان ملائشیا وزیراعظم شہباز شریف وزیر اعظم شہباز شریف انور ابراہیم کے لیے
پڑھیں:
بھارت قیامت تک معرکۂ حق کی شکست سے باہر نہیں نکل سکتا: وزیرِ اعظم شہباز شریف
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت قیامت تک معرکۂ حق کی شکست سے باہر نہیں نکل سکتا، پاکستانی بری، فضائی اور بحری افواج نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔
جہانیاں میں سیاسی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللّٰہ نے بھارت کے خلاف پاکستان کو عظیم فتح نصیب کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے وطنِ عزیز کا دفاع یقینی بنایا، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر بابر سدھو کے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضرب لگائی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی جانب لے جا رہی ہے، ملکی معیشت کے تمام اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، پاکستان نے معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیوں کی نئی مثال قائم کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا افغانستان کے حالیہ حملے پر تشویش کا اظہاروزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قیمتی جانوں، اربوں ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ایک بڑی انسانی خدمت ہے اور پاکستان کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے، تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں مل کر کام کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں نئی گرم جوشی پیدا ہوئی ہے، سعودی قیادت نے پاکستان کے ساتھ مثالی تعاون کا اظہار کیا ہے، اقوامِ متحدہ میں صدر ٹرمپ، صدر اردوان اور صدر عبدالفتاح السیسی سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم نے محنت، دیانت اور خلوص سے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف رکنِ قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا کی رہائش گاہ خانیوال پہنچے اور ان سے ان کے والد مسلم لیگ ن کے سینئر رکن مرحوم عرفان احمد خان ڈاھا کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔
سابق صوبائی وزیر عرفان احمد خان ڈاھا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔