اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیمی کنڈکٹر کا شروع کیا جانے والا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ نوجوانوں کو مزید آگے لے کر جانا ہے‘ سیمی کنڈکٹر اور اے آئی پر عبور حاصل کرنے والی قومیں ہی دنیا پر حکمرانی کریں گی‘ یہی مستقبل ہے۔ اسلام آباد میں قومی سیمی کنڈکٹر پروگرام ’انسپائر انیشی ایٹیو‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی سیمی کنڈکٹر پروگرام کا اجرا تاریخی اقدام ہے‘ سیمی کنڈکٹر پروگرام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر سے متعلق بیانیے کی جنگ جاری ہے‘ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سیمی کنڈکٹرز کے میدان میں وسائل سے نوازا‘ ہماری ذمہ داری ہے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور قوم کو آگاہ کریں۔ پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام سے منصوبے کے لیے ساڑھے 4 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جو محض ایک قطرہ ہیں، حکومت سیمی کنڈکٹر پروگرام کے لیے مزید وسائل مہیا کرے گی‘ سیمی کنڈکٹر پاکستان کے مستقبل اور نوجوان نسل کا منصوبہ ہے‘ حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے‘ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مکمل ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے‘ ابھی واشنگٹن میں ورلڈ بینک نے ایف بی آر کے حوالے سے کام کو اجاگر کیا تو عالمی رہنماؤں نے اس عمل کی تحسین کی۔ گزشتہ سال رمضان المبارک میں نادرا اور مستحق لوگوں کی مالی مدد کیلئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 16 ارب روپے تقسیم کیے‘ آئندہ سال اسے مزید بڑھایا جائے گا‘ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا ایسا ٹرائل تھا‘ یہ وہ ایک وژن ہے جو ہماری حکومت مل کر آگے بڑھا رہی ہے۔ سیمی کنڈکٹر کا شروع کیا جانے والا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جسے بہت پہلے کرلیا جانا چاہیے تھا، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، انہیں آئی ٹی سمیت سیمی کنڈکٹر کے شعبہ جات میں تربیت دینی ہے اور آگے لے کر چلنا ہے، مجھے ابھی 7 ہزار کا فگر بتایا گیا لیکن ہمیں اسے مزید آگے بڑھانا ہے۔ شہباز شریف نے پروگرام کی تعریف کی اور کہا کہ اہم حکومتی منصوبوں میں ایف بی آر ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس اکانومی‘ ڈیجیٹل والٹس شامل ہیں۔ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں‘ آئی ٹی اے آئی اور اب سیمی کنڈکٹر جیسے شعبوں میں نوجوانوں کی تربیت ناگزیر ہے‘ سیمی کنڈکٹر اور اے آئی پر عبور حاصل کرنے والی قومیں ہی دنیا پر حکمرانی کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال سمیت ٹیم کے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘ جنہوں نے اس اہم ترین ٹاسک کو حاصل کرنے کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ پروگرام کا مقصد ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی اور ڈیجیٹل معیشت کا فروغ ہے۔ پروگرام کے تحت پاکستان کو خطے میں آئی ٹی کی ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر اجاگر کیا جائے گا۔ یہ آئی ٹی پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا، جس کے اجرا سے ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔ تقریب میں وفاقی وزرا، آئی ٹی ماہرین اور سٹارٹ اپ نمائندگان نے شرکت کی۔ حکومت کا عزم ہے کہ آئی ٹی کے فروغ کے ذریعے قومی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کی جائے۔ نئے پروگرام کے تحت فری لانسنگ، ای کامرس اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں سہولیات پیدا ہوں گی۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: سیمی کنڈکٹر پروگرام ا ئی ٹی کے لیے

پڑھیں:

پاکستان میں اسمارٹ فون کا استعمال 62 سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گیا، وزیراعظم کو بریفنگ

اسلام آباد:

پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی کارکردگی پر اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر تعلیم خالد مقبول، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025ء میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026ء میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی، موبائل اسپیکٹرم میں اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم کو "کنیکٹ پاکستان وژن 2030ء " کے اجراء کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا ہے کہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، جون 2026ء تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دئیے گئے، حکومتی اقدامات کی بدولت پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں ہوئی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1164.7 ملین ڈالر رہا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت حکومت پاکستان کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں 942,646 تربیتی سرٹیفکیٹس دیئے گئے جن میں 5053 ہائے اینڈ تربیتی پروگرام منعقد ہوئے ؛ لیڈرشپ اور سافٹ اسکلز کی 2700 ٹرینینگز کا انعقاد ہوا، ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کے منصوبہ کا افتتاح جلد ہی ہوگا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی کئی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کی نفاذ اور اس حوالے سے کئی منصوبے اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔

بتایا گیا کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، وزارت ریلوے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، وزارت قومی غذائی تحفظ ، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان سنگل ونڈو، وزارت قومی غذائی تحفظ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان پوسٹ، وفاقی ترقیاتی ادارہ، وزارت بحری امور اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں علی بابا مصنوعی ذہانت کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کے ساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام ٹیم کی پذیرائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے لئے جانے والے اقدامات پالیسیوں کا ثمر ہے، ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کے شعبے میں دیئے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ مضامین

  • بيزوس، مسک اور زکربرگ جیسے ارب پتی ہر سال ایک خفیہ سمر کیمپ میں کیوں اکٹھے ہوتے ہیں؟
  • راس ایکسپو 2026 کا کامیاب انعقاد، پاکستان روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھے گا، شزا فاطمہ
  • حکومت کا بڑا ریلیف، الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی اور بلاسود قرض کا اعلان
  • ’’خیبر پی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پالیسی اینڈ روڈ میپ 2030ء ‘‘ کا اجراء 
  • مزہ کرکرا: اے آئی سے بنے جعلی جانوروں نے اصلی ویڈیوز بھی مشکوک بنادیں
  • وزیراعظم کا  آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار
  • پاکستان کے دفاع، سیکیورٹی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے، وزیراعظم
  • رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، بلاول بھٹو
  • مصنوعی مٹھاس دماغی صحت کے لیے خطرہ؟ نئی تحقیق میں یادداشت متاثر ہونے کا اشارہ
  • پاکستان میں اسمارٹ فون کا استعمال 62 سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گیا، وزیراعظم کو بریفنگ