ملتان سلطانز کو معاہدے کی منسوخی کے حوالے سے نوٹس جاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, October 2025 GMT
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی پر ملتان سلطانز کو معاہدے کی منسوخی کا نوٹس بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے مالک علی ترین گزشتہ کچھ عرصے سے پی ایس ایل کے معاملات اور ایک آفیشل کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔
انہوں نے پوڈ کاسٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے لیگ کے اسٹرکچر پر بھی سوال اٹھائے۔
اس حوالے سے پی سی بی مسلسل خاموش رہا جس پر چہ مگوئیاں بھی ہو رہی تھیں کہ آخر حکام کیوں کوئی نوٹس نہیں لے رہے، البتہ اب ایسا لگتا ہے کہ بورڈ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملتان سلطانز کو معاہدے کی منسوخی کے حوالے سے نوٹس (نوٹس آف ٹرمینیشن) ارسال کر دیا گیا ہے۔
اگر معاملات حل نہ ہوئے تو گیارہویں ایڈیشن میں فرنچائز نئے مالکان کے ساتھ شریک ہو گی۔
پی سی بی نے موجودہ ٹیموں کے 10 سالہ معاہدے مکمل ہونے پر ایک غیر ملکی کمپنی کو فرنچائز حقوق کی مالیت کا تعین (ویلیوایشن) کا کام سونپا تھا جو اختتامی مراحل میں ہے۔
بورڈ تمام فریقین کی جانب سے فرنچائز معاہدوں کی پاسداری کا بھی جائزہ لے رہا ہے جس کی بنیاد پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ملتان سلطانز تقریباً سوا ارب روپے سالانہ فیس دینے والی مہنگی ترین فرنچائز ہے۔ اسے ہر سال نقصان اٹھانا پڑتا ہے، اسی لیے مالکان لیگ اسٹرکچر میں تبدیلی چاہتے ہیں۔
البتہ معاہدے کے تحت پی سی بی کسی ایک فرنچائز کی فیس کم نہیں کر سکتا، اس سے ایونٹ کی اہمیت گھٹ جائے گی، ساتھ دو نئی ٹیموں کی فروخت کے عمل کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اگر معاہدہ حتمی طور پر منسوخ ہو گیا تو ملتان سلطانز کے مالکان نئی ٹیموں کی بڈنگ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔
یاد رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم 2017 میں لیگ کی چھٹی فرنچائز کے طور پر قائم کی گئی تھی۔ اسے تیسرے سیزن سے پہلے شامل کیا گیا۔
2017 میں شون پراپرٹیز نے آٹھ سالہ معاہدے کے تحت ٹیم خریدی، البتہ اگلے ہی برس سالانہ فیس کی عدم ادائیگی پر پی سی بی نے فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔
بورڈنے عارضی طور پر تمام کھلاڑیوں اور کوچز کے کنٹریکٹس کا انتظام سنبھال لیا اور نئے حقوق فروخت کرنے کے لیے ٹینڈر جاری کیا۔
دسمبر 2018 میں عالمگیر خان ترین اور علی خان ترین نے ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کر لیے، 2021 میں عالمگیر ٹیم کے واحد مالک بن گئے جبکہ 2023 میں ان کے انتقال پر علی ترین نے دوبارہ معاملات سنبھال لیے تھے۔
پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن ورلڈکپ کی وجہ سے روایتی تاریخوں میں نہیں ہو سکے گا۔
2026 میں بھی اپریل اور مئی میں انعقاد کا امکان ہے، اس صورت میں ایک بار پھر آئی پی ایل سے شیڈول متصادم ہوگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملتان سلطانز معاہدے کی پی سی بی
پڑھیں:
پٹرولیم قیمتوں کے روزانہ تعین پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
توجہ دلاؤ نوٹس میں جے یو آئی کے سینیٹر نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے 15 روزہ نظام کے بجائے روزانہ تعین کے مجوزہ فیصلے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس میں وفاقی حکومت سے مجوزہ پالیسی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین سے مہنگائی، ٹرانسپورٹ اخراجات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق مجوزہ نظام کے کاروباری سرگرمیوں اور عوامی زندگی کے اخراجات پر ممکنہ اثرات سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کے لیے اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے بھی سینیٹ کو آگاہ کیا جائے۔