پرامن‘ خوشحال دنیا کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہیں: اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 25th, October 2025 GMT
اسلام آباد‘ مری (خبرنگار خصوصی+ طفیل عباسی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 26 ۔ 2025 کی مدت کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر ایک زیادہ پرامن، انصاف پسند اور خوشحال دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ روز اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈ سے ملاقات کی۔ عالمی سطح پر روڈ سیفٹی کے فروغ اور پاکستان میں محفوظ سڑکوں کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیںنائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے گزشتہ رات دیر گئے امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور کثیرالجہتی امور کیساتھ ساتھ حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیںپولینڈ کے نائب وزیرِاعظم رادوسلاف سکورسکی نے مری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مری کشمیر پوائنٹ کے ہائیکنگ ٹریک پر پیدل سفر کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پولینڈ کے نائب وزیراعظم وفد کے ہمراہ مری مال روڈ پر پہنچے۔ وہ دو سو سال قدیم ہولی ٹرینٹی چرچ بھی گئے اور مری کے شاندار موسم دلکش نظاروں اور دلفریب وادی سے بھی خوب محظوظ ہوئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے انہیں گورنمنٹ ہائوس مری میں ظہرانہ دیا، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے ترسیلات زر کے بہائوکا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز استعمال کے ذریعے ترسیلات زر کا بہائو بڑھانے، بہتر بنانے اور سہولت فراہمی کے ساتھ ساتھ منتقلی کے وقت اور لین دین اخراجات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، گورنر اور ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق اجلاس صدارت کی۔اجلاس میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوام سے عوام کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اقوام متحدہ کے اسحاق ڈار نے کرنے کی
پڑھیں:
پاکستان جنوبی اوروسطی ایشیا کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے: اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ روابط کے فروغ سے ہی اجتماعی ترقی کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے ،پاکستان جنوبی ایشیا اوروسطی ایشیا کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے، پاکستان کی خطے میں کلیدی حیثیت ہے۔اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی رابطوں کو بڑھانے میں اہم کردارادا کررہا ہے، معاشی ترقی میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے، علاقائی روابط کا فروغ اجتماعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شاہراہیں علاقائی رابطہ کاری میں کردارادا کررہی ہیں، حکومت ریل اورروڈنیٹ ورکس کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہی ہے، روابط کے فروغ سے ہی اجتماعی ترقی کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان شعبہ ٹرانسپورٹ میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہا ہے تاکہ اس کے نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ ۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے کہا کہ سی پیک کے تحت روڈ منصوبے رابطوں کے حوالے سے اہم ہیں، پاکستان اورازبکستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کا منصوبہ زیر غور ہے، پاکستان جنوبی اوروسطی ایشیا کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوںنے کہا کہ بجلی کے منصوبے توانائی میں کفالت کے حوالے سے اہم ہیں، ہم اپنی بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں، ہم ای پورٹ کے منصوبے پربھی کام کررہے ہیں، پاکستان برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے اقدامات کررہا ہے۔