سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم! ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور
اشاعت کی تاریخ: 10th, December 2025 GMT
کراچی (کامرس ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی 1.2 ارب ڈالر کی منظوری کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے، 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی، 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 514 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار 153 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 69 ہزار 456 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان غالب، انڈیکس 170,000 کی حد عبورکرگیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز تیزی کا رجحان غالب رہا، جہاں کاروبار کے آغاز ہی میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 170,000 کی سطح عبور کر گیا۔
صبح 9 بج کر 40 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 170,171.82 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 715.44 پوائنٹس یعنی 0.42 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئی اورآٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنری سمیت مختلف کلیدی شعبوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا۔
انڈیکس میں وزن رکھنے والے بڑے اسٹاکس جیسے حبیب بینک، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، اوجی ڈی سی ایل، ماری پیٹرولیم، حبکو اور یونائیڈڈ بینک کے شیئرزبھی مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔
ماہرین کے مطابق یہ مثبت رجحان اس خبر کے بعد دیکھنے میں آیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دے دی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے لیے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی اور ریسیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی کے تحت تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
گزشتہ ر وز یعنی منگل کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ برقرار رہا، اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے شعبوں میں نئی پوزیشنز لینے کے نتیجے میں کاروباری سرگرمی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس 1,153.14 پوائنٹس یعنی 0.69 فیصد اضافے کے ساتھ 169,456.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بین الاقوامی مارکیٹس میں بدھ کے روز ایشیائی حصص اور وال اسٹریٹ فیوچرز میں دباؤ دیکھنے میں آیا کیونکہ امریکی فیڈرل ریزرو کی منقسم پالیسی ٹیم کے اہم فیصلے کا وقت قریب ہے۔
دوسری جانب کارپوریٹ نتائج نے مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کی بلند قیمتوں کو متأثر کرنے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔
فیڈ کے فیصلے سے قبل زیادہ تر اثاثے ایک محدود رینج میں ٹریڈ کر رہے ہیں، جبکہ جاپانی کرنسی ’ین‘ کی اچانک گراوٹ اور چاندی کی مسلسل ریکارڈ توڑ بڑھوتری نے سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔
فیوچر مارکیٹ کو مکمل یقین ہے کہ فیڈ آج شرحِ سود میں 0.25 فیصد کمی کرکے اسے 3.50–3.75 فیصد کی حد میں لے آئے گا، جس کا امکان 89 فیصد ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاہم یہ بھی توقع ہے کہ فیڈ مستقبل کی رہنمائی میں قدرے سخت مؤقف اپنائے گا، جس کے تحت جنوری میں مزید کمی کا امکان صرف 21 فیصد ہے۔
ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک انڈیکس میں 0.1 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ ملا جلا افراطِ زر ڈیٹا سامنے آنے کے بعد چین کے بلیو چپ شیئرز 0.8 فیصد تک گر گئے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسٹاک ایکسچینج انڈیکس پاکستان