اسلام آباد ہائیکورٹ، جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز ٹیکس امور کے کیسز تک محدود
اشاعت کی تاریخ: 13th, November 2025 GMT
اسلام آباد(ویب ڈیسک) گزشتہ کئی ہفتوں سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس بابر ستار صرف ٹیکس امور سے جڑے کیسز کی سماعت کر رہے ہیں اور انہیں کوئی آئینی کیس سماعت کیلئے نہیں دیا جا رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال اگست میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک خصوصی ڈویژن بینچ تشکیل دیا تھا جو خصوصی طور پر ٹیکس سے جڑے کیسز کی سماعت کیلئے تھا اور اس کیلئے ’’کمرشل لٹیگیشن کوریڈور‘‘ کی کیٹگری بنائی گئی تھی، یہ نیشنل جوڈیشل پالیسی ساز کمیٹی کے فیصلے کے عین مطابق تھا۔ 13؍ اگست 2025ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، بینچ میں جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان شامل تھے۔ اِن دونوں ججوں کو ریونیو قوانین کے تحت دائر کردہ ریفرنسز کی سماعت کرنے اور کیسز نمٹانے کی ذمہ داری دی گئی تھی، ان کیسز میں انکم ٹیکس آرڈیننس، سیلز ٹیکس ایکٹ، فیڈرل ایکسائز ایکٹ اور کسٹمز ایکٹ کے کیسز بھی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ انتظام نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے 11؍ جولائی 2025ء کو ہوئے 35ویں اجلاس کے فیصلے کے تحت اور اسلام آباد ہائی کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 2025ء (والیوم پنجم) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے کیا گیا۔ بینچ کو فوری طور پر فعال ہونے اور تا حکم ثانی برقرار رہنے کی ہدایت کی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ذرائع کے مطابق اس نوٹیفکیشن کے بعد جسٹس بابر ستار اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق کو گزشتہ کئی ہفتوں سے صرف ٹیکس اور کمرشل نوعیت کے مقدمات کی سماعت تک محدود کر دیا گیا ہے۔ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی ہدایت کے نفاذ کے بعد سے انہیں آئینی یا عمومی دائرہ اختیار سے متعلق کوئی کیس نہیں دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، اس خصوصی ’’کمرشل لٹیگیشن کوریڈور‘‘ کی تشکیل عدالتی اصلاحات کے ایک وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کمرشل تنازعات کے فوری فیصلے اور پاکستان کی عالمی کاروباری آسانی (Ease of Doing Business) درجہ بندی میں بہتری لانا ہے۔
انصار عباسی
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسلام ا باد ہائی کورٹ جسٹس بابر ستار کی سماعت اور جسٹس ٹیکس ا
پڑھیں:
ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس: سردار تنویر الیاس کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: (نیوزڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس کی سماعت کی، سردار تنویر الیاس کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے سردار تنویر الیاس کے وارنٹ جاری کر دیئے اور گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 نومبر تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ سردار تنویر الیاس کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔