فوج کی دوٹوک پریس کانفرنس: عمران خان پر ذہنی بیماری اور ریاست مخالف بیانیے کے الزامات
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا۔ترجمان پاک فوج احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ کا احترام کرتے ہیں مگر فوج کو اپنی سیاست سے دور رکھیں، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی افواج اور عوام کے بیچ دراڑیں ڈالے، آپ کو اجازت نہیں دیں گے کہ عوام کو افواج کے خلاف بھڑکائیں،فوج اور عوام کے درمیان خلا ڈالنے کی اجازت ہم آپ کو نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس شخص سےجب کوئی ملےتو یہ ریاست پاکستان اور فوج کے خلاف بیانیہ دیتا ہے، یہ شخص آئین و قانون اور رولز کو بالائے طاق رکھ کر یہ بیانیہ دیتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا کہ تم ہو کون ، کس کی زبان بول رہے ہو ، تم سمجھتے کیا ہو اپنے آپ کو؟ ذہنی مرض کی بیماری کی علامات آپ نے پہلے بھی دیکھی تھیں ، اس نے پہلے 9 مئ کو جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کرایا؟ یہ سمجھتا ہے پاک فوج میں جو بندہ ہے وہ غدار ہے، وہ سمجھتا ہے کہ اس کو سارا علم ہے اور باقی سب غلط ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ذہنی مریض کی منطق کے مطابق جب بھارت نے حملہ کیا، یہ ہوتا تو کشکول لے کر چل پڑتا کہ آؤ بات کرتے ہیں، یہ تو کہتا تھا کہ خارجیوں کا پشاور میں دفتر کھول دیں، لوگوں کو ابھارتا ہے کہ ہنگامے کرو، اس بات چیت کا بخار تو ان کو پہلے سے تھا، لوگوں کو آپریشن کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے اکساتا ہے، ہمیں کلیئر ہے کہ اس کی سیاست یا اس کی ذات ریاست سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی ، یہ ایک ذہنی مریض ہے، یہ ایک ٹیرر کرائم نیکسس ہے، یہ منشیات ، این سی پی ، اغوا برائے تاوان اور بے تحاشا چیزوں میں ہے ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ایک ذہنی مریض کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی (نیوزڈیسک) ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف قید میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو فوج مخالف بیانیہ بنانے اور پھیلانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا بیانیہ اب سیاست کے دائرے سے نکل کر قومی سلامتی کا خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک ذہنی مریض افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے، اپنے آپ کو عقل کل سمجھنے والا دوسروں کو غدار کہتا پھر رہا ہے، ایک شخص کی ذات اور خواہشات ریاست پاکستان سے بڑھ کر ہیں، اس شخص کی سیاست ختم ہوچکی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جمعہ کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹر جنگی معاملات سے آگاہی فراہم کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر بات کرنی ہے، چند عناصر کی ذات اور خواہشات ریاست سے بڑھ کر ہیں، بیانیہ بنایا جارہا ہے جو ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا، اس منفی بیانیے کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کئی بار واضح کرچکے کہ مسلح افواج پاکستان کی محافظ ہیں، وردی ہمارا فخر اور غرور ہے، ہم پاکستان کی سالمیت کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ہم کسی کے ایجنڈے پر نہیں ملک کی حفاظت کیلئے کام کررہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج کی قیادت کو نشانہ بنانے والے قوم کے خیرخواہ نہیں، اپنی سیاست کو افواج پاکستان سے دور رکھا جائے، افواج پاکستان اور عوام میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔