کینالوں کے خلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے کا اعلان، کل سندھ میں مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی، نثار کھوڑو
اشاعت کی تاریخ: 1st, April 2025 GMT
نثار کھوڑو(فائل فوٹو)۔
پیپلز پارٹی نے متنازعہ 6 کینالوں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کے دوسرے مرحلے کا اعلان کر دیا۔
کراچی سے جاری بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ کل سندھ بھر میں احتجاجی مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی۔
انہوں نے کہا سندھ بھر کی تحصیل سطح کی تنظیمیں عوامی قوت کے ساتھ مشعل بردار ریلیاں نکالیں، پانی کا مسئلہ ایک دن کے احتجاج کرنے سے حل نہیں ہوگا، کینالز کے مسئلے پر مسلسل احتجاج کر کے دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ سندھ کے مستقبل اور زندگی کا سوال ہے، 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کے نقصان میں ہے سندھ کے لوگوں کو یہ منصوبہ قبول نہیں ہے۔
نثار کھوڑو نے کہا کینالوں کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کا احتجاج اپنے حق کے لیے ہے، ہماری پارٹی کینالوں کے خلاف احتجاج جاری رکھ کر اپنا جمہوری حق استعمال کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا جب تک 6 کینالوں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان نہیں ہوگا احتجاجی تحریک جاری رہے گی، کینال منصوبے کے خلاف سب مل کر جدوجہد کر کے سندھ کی حفاظت کریں گے۔ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا گیا تو مزاحمت کرینگے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کینالوں کے نثار کھوڑو کے خلاف سندھ کے نے کہا
پڑھیں:
ذوالفقار بھٹو جونیئر اور فاطمہ بھٹو کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان
کراچی – سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے، ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی بہن فاطمہ بھٹو کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کی کوئی حمایت حاصل نہیں اور وہ اپنی جدوجہد خود کر رہے ہیں۔
کراچی کی مشہور رہائش گاہ “70 کلفٹن” میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھٹو جونیئر نے کہا:
“ہماری جماعت پیپلز پارٹی نہیں، یہ زرداری لیگ ہے جس نے اصل پیپلز پارٹی کو ہائی جیک کر لیا۔ ہم اس نام نہاد پی پی پی کے ساتھ کبھی کام نہیں کریں گے۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ لیاری سے الیکشن لڑیں گے اور لیاری کے عوام کی حالتِ زار پر سخت تنقید کی۔ ان کے مطابق:
“150 سے زائد عمارتیں سیل ہو چکی ہیں، متاثرین بے یارو مددگار ہیں، لیکن صوبائی حکومت صرف منصوبوں پر پیسہ ضائع کر رہی ہے، جیسے شاہراہ بھٹو، جو عوام کے زخموں پر نمک ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نام پر مشاورت جاری ہے، اور نوجوانوں کی بڑی تعداد ان کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مساوات اور عوامی ترقی کے حقیقی فلسفے کو دوبارہ زندہ کریں گے۔
بھٹو جونیئر نے مزید کہا:
ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے کوئی سپورٹ نہیں، الٹا تاریخ میں ہمارے خاندان کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں۔
ہم آئین کی اصل روح کے تحفظ کے لیے جدوجہد کریں گے۔
ہر وڈیرہ ایک جیسا نہیں ہوتا، میں خود وڈیرہ ہوں اور عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے نون لیگ، زرداری لیگ، اور پی ٹی آئی کی عوام دشمن پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا:
“یہ پارٹیاں امیروں کی سیاست کرتی ہیں، عوام کے لیے کچھ نہیں کرتیں۔ عوام کے نام پر منصوبے بنا کر خود کھا پی جاتے ہیں۔”
ذوالفقار بھٹو جونیئر نے اردو بولنے والے طبقے سے ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ:
“ہم کسی قوم یا پارٹی کے مخالف نہیں، ہم فرسودہ نظام کے مخالف ہیں۔”
ان کا مؤقف تھا کہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور فلسطین جیسے عالمی و قومی مسائل پر واضح مؤقف اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم ظاہر کیا۔
Post Views: 5