بھارت، پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے، نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’بھارت عالمی برادری میں کشیدگی کم کرنے کے بجائے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کر رہا ہے۔‘‘
بھارت کے جنگی جنون پر نیو یارک ٹائمز کی اہم رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اندرونی خلفشار سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کی جانب سے پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوراً بعد بھارت نے پاکستان پر الزام دھرا۔
رپورٹ کے مطابق مودی کا پاکستان کے خلاف اقدامات میں مدد اور تعاون مانگنے کے لیے درجنوں ملکی سربراہان سے رابطہ ہوا، مودی نے پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام اور شدید ردعمل کی بھی دھمکی دی۔
امریکی اخبار کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ میں سفارت کاروں کو بریفنگ میں، بھارتی حکام نے ہندوستان کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد گروپوں کی حمایت کرنے پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرایا۔
بھارتی تجزیہ کاروں اور سفارتکاروں کے مطابق ’’بھارت کو پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے دہشت گردانہ حملے کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
بھارت نے 1960 کے ’’انڈس واٹر ٹریٹی‘‘ کو معطل کر دیا لیکن مودی سرکار نے پہلگام حملے کے حوالے سے اب تک پاکستان کے خلاف کوئی عوامی ثبوت پیش نہیں کیا، دیگر ریاستوں نے بھارت سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت نے سفارتی تعلقات محدود کرتے ہوئے سفارتکاروں کو ملک بدر اور ویزے منسوخ کر دیے۔ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھ گئیں۔
بھارت میں مسلم مخالف جذبات بھی شدت اختیار کر چکے ہیں، بھارت میں کشمیری طلباء کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں بے دخل کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ہنزہ، مختلف سکولوں کے طلبہ کا بھارتی دھمکیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
ریلی میں بچوں نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ کان کھول کر سن لے کہ ہم کبھی بھی، پانی پر قبضہ نہیں چلنے دیں گے، سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بھارتی جارحیت اور دھمکیوں کے خلاف گلگت بلتستان کی سرزمین ایک بار پھر حب الوطنی کے جذبے سے گونج اٹھی۔ ناصر آباد ہنزہ، علی آباد ہنزہ اور سوست میں سکولوں کے بچوں نے بھرپور احتجاجی ریلیاں نکالیں جس میں پاکستان کا جھنڈا تھامے، پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے قومی پرچم تھامے ریلیوں میں شرکت کی، اور حب الوطنی سے سرشار یہ بچے وطن سے اپنی لازوال محبت کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ ہر گلی، ہر کوچہ قومی نغموں سے گونج رہا تھا اور عوام نے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ اپنے وطن کی سالمیت کے لیے یک زبان اور پرعزم ہے۔ ریلی میں بچوں نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ کان کھول کر سن لے کہ ہم کبھی بھی، پانی پر قبضہ نہیں چلنے دیں گے، سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم سب افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔