آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں جیو اسٹریٹیجک ماحول پر تعمیری بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سیکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی، پاک ایران بارڈر سیکیورٹی میکنزم کا جائزہ لیا گیا تاکہ دو طرفہ تعاون مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اخبار نے لکھا کہ پاکستان کےآرمی چیف جنرل عاصم منیر ہمیشہ پس پردہ کام کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں، پہلگام واقعے کے بعد جنرل عاصم منیر کی سخت پوزیشن نے ہی پاکستان کا موجودہ موقف تشکیل دیا ہے۔
آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران برادر ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں ممالک کو تاریخ، ثقافت اور مذہب کے گہرے رشتے آپس میں جوڑتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعاون کے فروغ، خطے کے امور میں مثبت پیشرفت کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔