ملالہ یوسف زئی کا غزہ میں فوری امداد اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری امداد کی فراہمی اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ملالہ نے سوشل میڈیا پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کا عکس شیئر کیا جس میں بتایا گیا تھا کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث غزہ کے بچے شدید بھوک اور طبی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال انتہائی دل دہلا دینے والی ہے، جہاں معصوم فلسطینی بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
ملالہ نے کہا، "میں ان بچوں کی حفاظت اور بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہوں، اور دنیا سے مطالبہ کرتی ہوں کہ فوری طور پر غزہ میں امداد پہنچائی جائے اور جنگ کا خاتمہ کیا جائے۔"
یاد رہے کہ غزہ میں امداد کی بندش کے سبب تین لاکھ کے قریب بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں جبکہ ساڑھے تین ہزار شیر خوار بچے غذائیت کی کمی سے زندگی کے خطرے میں ہیں۔ اسرائیل نے 2 مارچ سے ہر طرح کی امداد کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس پر اوکسفیم جیسی تنظیموں نے عالمی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیا ہے۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
صیہونی افواج کے وحشیانہ حملے میں امداد کے متلاشی مزید 31 افراد سمیت 89 فلسطینی شہید
غزہ:غزہ میں وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں امداد کے متلاشی 31 افراد سمیت مزید89 فلسطینی شہید اور513 زخمی ہوگئے جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے ابتک 61599 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ شدیدغذائی قلت، بھوک سے دو بچوں سمیت مزید پانچ فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ملبے سے مزید11 لاشیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
مصر نے حماس کو جامع معاہدے کی پیشکش کردی، اسرائیل کی سرکاری نشریاتی کارپوریشن نے بتایا کہ حماس کا ایک وفد قاہرہ پہنچا ہے تاکہ ایک نئے اقدام پر بات کی جا سکے جس میں ایک جامع معاہدہ شامل ہے جس کے تحت حماس کی جانب سے تمام 50اسرائیلی قیدیوں (زندہ اور مردہ) کی رہائی اور اپنے ہتھیار ڈالنے کے بدلے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فلسطینی صدر محمود عباس نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے جس میں آئندہ امن کانفرنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی جانب سے قائم بزرگ عالمی رہنمائوں کے گروپ دی ایلڈرز نے مصر میں سرحدی گزرگاہوں کے دورے کے بعد منگل کو پہلی بار غزہ کی صورتحال کو جاری نسل کشی قرار دے کراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔