فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 اہلکارمارے گئے
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
سری لنکا میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر ‘بیل 212’ میں کل 12 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سری لنکا کے مادورو اویا کے آبی ذخائر میں گر کر تباہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار 6 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سری لنکن اسپیشل فورسز اور ائیر فورس کے جوان شامل ہیں جب کہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان سری لنکن ائیرفورس نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر پاسنگ آؤٹ پریڈ کی مشق کے لیے جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق سری لنکن حکام نے حادثے کی وجوہات کے بارے میں تاحال کچھ بتانے سے انکار کیا۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ہیلی کاپٹر
پڑھیں:
اسرائیل کا یمن پر دوسرا بڑا حملہ، صنعا ایئرپورٹ مکمل تباہ، تین افراد جاں بحق
صنعا: اسرائیلی فضائیہ نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مرکزی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر فضائی حملہ کیا جس میں حوثی گروپ کے زیر استعمال بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثی میڈیا کے مطابق اس حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ حملہ حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ کے قریب میزائل حملے کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر کیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق صنعا ایئرپورٹ مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر چار بڑے دھماکے ہوئے۔
ایئرپورٹ کے تین مسافر طیارے، روانگی کا ہال، رن وے اور ایک فوجی اڈہ نشانہ بنے۔ یمنیا ایئر ویز کے مطابق تین مسافر طیارے تباہ ہوگئے ہیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ ایئرپورٹ حوثیوں کے لیے اسلحہ، افراد اور سامان منتقل کرنے کا مرکزی مرکز بن چکا تھا۔ حوثیوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلسطینیوں کی حمایت میں ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی جب تک غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ نہیں ہوتا۔
اقوام متحدہ کے یمن کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈ برگ نے کہا کہ یہ حملے ایک پہلے سے ہی نازک اور کشیدہ خطے میں سنگین اضافہ ہیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ حوثیوں کی جانب سے بحری جہازوں پر حملے روکنے کی یقین دہانی کے بعد امریکہ ان پر بمباری بند کر دے گا۔ تاہم حوثیوں کی جانب سے اس دعوے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔