آپریشن ‘سندور’ ‘تندور’ بن چکا، بھارت کیخلاف آپریشن نواز شریف کی زیر نگرانی ڈیزائن ہوا، عظمٰی بخاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ آپریشن”سندور”تندور بن چکا ہے، مودی سرکار کے پاس اب کوئی جواب باقی نہیں رہا، 10 مئی کو بھی نواز شریف نے وزیراعظم کے ساتھ مل کر ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈی جی پی آر میں وزیر زراعت سید عاشق کرمانی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کامیابی سے مکمل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے کامیاب اختتام پر وزیراعظم کی ہدایت پر یوم تشکر منایا گیا جبکہ وزیر اعلی مریم نواز کی جانب سے تمام اسکولوں میں اسمبلی کے دوران اس دن کو خراج تحسین کے طور پر منانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
عظمی بخاری نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب خود زخمیوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ تشریف لے گئیں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت میں جامِ شہادت نوش کیا۔
عظمی بخاری نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کو شکست خوردہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ "مودی صاحب فلموں کی طرح سمجھ رہے تھے کہ پاکستان کو ہرا لیں گے،لیکن یہ جنگ حقیقت تھی، کوئی فلمی سین نہیں۔
انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ پروپیگنڈا پھیلانے کے بجائے حقائق کا سامنا کریں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب جلد شہدا کے لواحقین کیلئے امدادی پیکج کا اعلان کریں گی۔ہم اپنی سر زمین اور شہدا پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں۔
عظمی بخاری نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صرف ایک لیڈر نہیں بلکہ ایک وژنری ہیں، دس مئی کو بھی انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ مل کر ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب اور سندھ کی کارکرگی کا موازنہ، عظمیٰ بخاری کا شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج
لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پنجاب اور سندھ میں کارکردگی کے مقابلے میں شرمیلا فاروقی کو مناظرے کا چیلنج دے دیا اور کہا ہے کہ سندھ میں ایسی ترقی ہورہی جو نظر نہیں آرہی، شوق ہے تو آجائیں مناظرہ کرلیں۔
شرمیلا فاروقی کے بیان پر انہیں مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں 17 سال سے حکومت ہے، مریم نواز کی پنجاب میں حکومت کو دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے، آپ 17 سال میں اپنے 17 عوامی فلاح کے منصوبوں نہیں گنوا سکتے، مریم نواز نے ڈیڑھ سال میں 90 منصوبے شروع کردیے جن میں 50 مکمل ہوچکے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں 90 ہزار گھر دیے، 80 ہزار اسکالرشپ دی ہیں، پنجاب میں ساڑھے 9 ہزار کسانوں میں ٹریکٹر تقسیم کردیے،27 ہزار طلباء کو الیکٹرک بائیکس تقسیم کردی، پنجاب میں ذہین طلبا کو جدید ترین لیپ ٹاپ کی مفت تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہزار بیڈ کا کینسر اسپتال، مفت ادویات کی فراہمی، الیکٹرک بسیں، کاڈیالوجی اسپتال بن رہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میں آپ کے ساتھ مناظرے کے لیے بالکل تیار ہوں آجائیں پرفارمنس پر مقابلہ کرتے ہیں، یہی تو ہم کہہ رہے سندھ میں ایسی ترقی ہورہی جو نظر نہیں آرہی، آجائیں وہ قوم کو دکھائیں، اگر 17 سال کی حکومت والوں کو پنجاب سے موازنے کا شوق ہے تو شوق سے مناظرہ کرلیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کراچی کے لوگ خود لاہور کی سڑکوں اور صفائی کی تعریفیں کرتے جس کی آپ کو پریشانی ہوتی ہے، بی آئی ایس پی کو آپ کیوں زبردستی پنجاب کے سیلاب متاثرین پر مسلط کرنا چاہتے ہیں؟ مریم نواز پنجاب کے سیلاب متاثرین کو 10,10 لاکھ کے امدادی چیک دینے جا رہی ہی جب کہ آپ بی آئی ایس پی کے ذریعے سندھ کے سیلاب متاثرین کو 10 10 ہزار دیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔