شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے یوم معرکہ حق منایا
اشاعت کی تاریخ: 16th, May 2025 GMT
شکاگو(نیوز ڈیسک)شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے یوم معرکہ حق منایا اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے افواج پاکستان، سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکن بزنس چیمبر آف کامرس کے صدر نوید انور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صدر ٹرمپ نے بھارت کی درخواست پر فوری جنگ بندی کرائی اور دنیا کے امن کے حوالے سے بڑی کامیابی حاصل کی۔ ہر امن پسند انسان صدر ٹرمپ کے اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور افواج نے عالمی قانون اور ذمہ دار ریاست کے طور پر کردار ادا کیا۔ پاکستان کی تحقیقات کی پیشکش نہایت دانشمندانہ اور مناسب تھی جس کی پوری دنیا نے تائید کی۔ نوید انور نے کہاکہ بھارت نے رات کی تاریکی میں جارحیت کی اور عام شہریوں، معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا لیکن پاکستان نے دن کے اُجالے میں بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ناقابل تسخیر دفاع کی طرح معاشی قوت بننا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت پاکستان کے سیاسی، سفارتی اور عسکری محاذ پر ہر فرد نے عظیم جذبے اور مہارت سے کام کیا۔ نوید انور،قونصل جنرل طارق کریم رانا،جاویدچوہدری ،رشیدچوہدری ،ریاض قاری،منان سلیمان ،آفتاب رانا،زاہد آصف ملک
نے چیئرمن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو، ایڈمرل نوید اشرف اور افواج پاکستان کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اجتماعی طور پر افواج کو مبارک دیتے ہوئے کہاکہ کہ ملک کے اندر اور ملک سے باہر ہر پاکستانی اور پاکستان سے محبت کرنے والے کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ اس موقع پر شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ''یومِ تشکر'' منایا گیا ، پاکستانی قوم نے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیا،حافظ طاہر محمود اشرفی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام جمعہ کے روز ملک بھر میں ''یومِ تشکر''منایا گیا جس کا مقصد حالیہ معرکہ حق میں کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں علما، خطبا، ذاکرین اور واعظین نے خطبات اور بیانات کے ذریعے عوام کو وطن کے دفاع اور اتحادِ امت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔علمائے کرام نے اپنے خطبات میں پاکستان کی حالیہ کامیابی کو اللہ کی نصرت اور قوم کی یکجہتی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معرکہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ نظریاتی، اخلاقی اور قومی ہم آہنگی کی جیت بھی ہے۔ اس موقع پر پاک فوج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔(جاری ہے)
علما نے کہا کہ پاکستانی قوم خصوصا مذہبی طبقات ہر آزمائش میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ہم اپنے ان غیر مسلم ہم وطنوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر وطن عزیز کے دفاع کا حق ادا کیا ہے، یہ پاکستان کی وہ خوبصورت تصویر ہے جس میں ہر مذہب اور ہر طبقے کے لوگ قومی سلامتی کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن چاہتا تھا کہ پاکستان میں فرقہ واریت، مذہبی منافرت اور تقسیم کو ہوا دے لیکن الحمدللہ پاکستانی قوم نے اتحاد و اتفاق سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیا ۔ علما و مشائخ نے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر موجود گمراہ کن پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور صرف معتبر ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔اس موقع پر خطبا اور علما نے بھارت میں ترکیہ، بنگلہ دیش اور آذربائیجان جیسے برادر اسلامی ممالک کے خلاف جاری منفی مہم کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک کو اپنے بھائیوں کی طرح سمجھتا ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ علما نے کہا کہ دنیا کو چاہیے کہ وہ ان ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا نوٹس لے اور بین الاقوامی سطح پر انصاف کی بات کرے۔پاکستان علما کونسل کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے لیکن اگر کسی نے اس کی سالمیت کو چیلنج کیا تو پوری قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر اس کا بھرپور جواب دے گی۔